
صدر آصف علی زرداری اور وزیرِاعظم شہباز شریف کا پانی کے عالمی دن پر پیغام: صاف پانی تک رسائی ہر انسان کا بنیادی حق
دنیا بھر میں آج پانی کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، جس کا مقصد پانی کی بڑھتی ہوئی کمی کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا اور صاف پانی تک رسائی کے انسانی حق کو اجاگر کرنا ہے۔ اقوامِ متحدہ کے مطابق دنیا بھر میں ایک ارب اسی کروڑ افراد اب بھی گھروں میں پینے کے صاف پانی کی سہولت سے محروم ہیں۔
اس سال پانی کے عالمی دن کا موضوع ہے: "پانی اور صنفی مساوات: جہاں پانی بہتا ہے، وہاں برابری بڑھتی ہے”۔
صدر آصف علی زرداری اور وزیرِاعظم شہباز شریف نے اس موقع پر اپنے پیغامات میں اس عزم کا اظہار کیا کہ پانی کے انتظام اور فیصلہ سازی کے عمل میں خواتین کی نمائندگی کو یقینی بنایا جائے گا اور صاف پانی تک رسائی ہر انسان کا بنیادی حق ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے بھارت پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی ذمہ داریوں کے مطابق دریائے سندھ کے معاہدے پر مکمل عملدرآمد فوری طور پر بحال کرے اور کہا کہ مشترکہ آبی وسائل کو دانستہ طور پر بطور ہتھیار استعمال کرنا شدید تشویش کا باعث ہے۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت مستقبل کے لیے آبی وسائل کو محفوظ بنانے کے لیے قومی آبی پالیسی کے تحت متعدد اہم اصلاحاتی اقدامات کر رہی ہے اور پاکستان عالمی سطح پر اپنے آبی حقوق کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے اور پانی کو بطور دباؤ استعمال کرنے کی ہر کوشش کی بھرپور مذمت کرتا ہے۔















