
پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان 2 معاہدوں پر دستخط
پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے درمیان تعلیم اور صحت کے دو اہم منصوبوں کے لیے مجموعی طور پر 25 کروڑ 70 لاکھ ڈالر مالیت کے معاہدوں پر دستخط ہوگئے۔
پہلا منصوبہ "ریسپانسیو، ریڈی اینڈ ریزیلینٹ STEM سیکنڈری ایجوکیشن اِن پنجاب پروگرام” ہے، جس کی مالیت 10 کروڑ 70 لاکھ ڈالر ہے۔ اس میں ایشیائی ترقیاتی فنڈ کی جانب سے 70 لاکھ ڈالر کا گرانٹ بھی شامل ہے۔
دوسرا منصوبہ "پنجاب نرسنگ اینڈ ہیلتھ ورک فورس ریفارم پروگرام” ہے، جس کی مالیت 15 کروڑ ڈالر ہے اور اس کا مقصد صوبے میں نرسنگ کے معیار اور صحت کے شعبے کی افرادی قوت کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
اقتصادی امور ڈویژن کے سیکریٹری محمد حمیر کریم نے ان اہم منصوبوں کے لیے اے ڈی بی کی رعایتی مالی معاونت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سرمایہ کاری پنجاب میں پائیدار سماجی ترقی، معیاری تعلیم کی فراہمی اور صحت کی بنیادی ضروریات کو پورا کرنے میں نمایاں کردار ادا کرے گی۔















