بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، کیا پاکستان کا ابھی سپر ایٹ مرحلے میں پہنچنے کا امکان ہے؟

امریکا اور ویسٹ انڈیز میں جاری ٹی20 ورلڈ کپ کے گزشتہ روز نیویارک کے نساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے پاکستان کے خلاف شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے گرین شرٹس کو یقینی فتح سے محروم کردیا تھا اور 120 رنز کے ہدف کا کامیابی سے دفاع کرتے ہوئے ایونٹ میں لگاتار دوسری کامیابی حاصل کر لی تھی۔

ٹی20 ورلڈ کپ میں کھیلے گئے اپنے پہلے میچ میں امریکا نے پاکستان کو دلچسپ مقابلے کے بعد سپر اوور میں اپ سیٹ شکست سے دوچار کیا تھا اور کل بھارت نے اسے شکست دے دی، جس کے بعد قومی ٹیم کی اگلے مرحلے تک رسائی پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔

اگر پوائنٹس ٹیبل کو دیکھیں تو گروپ اے میں بھارت 4 پوائنٹس اور بہتر نیٹ رن ریٹ کے ساتھ پہلے، امریکا4 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور کینیڈا 2 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔اسی طرح پاکستان صفر پوائنٹس اور منفی 0.150 کے رن ریٹ کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہے جب کہ آئرلینڈ صفر پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر براجمان ہے۔

بھارت کے بعد پاکستان کا اگلا مقابلہ کینیڈا سے ہو گا اور اس میچ میں پاکستان کو بڑے مارجن سے جیتنے کی کوشش کرنا ہو گی اور اس کے بعد آئرلینڈ کو بھی لازمی بڑے مارجن سے ہرانا ہو گا۔

اگر قومی ٹیم دو میچ جیت جاتی ہے اور آئرلینڈ کی ٹیم بھی امریکا کو شکست دے دیتی ہے اور پاکستان، امریکا اور آئرلینڈ کی کینیڈا کے خلاف ممکنہ فتح کے بعد راؤنڈ میچز کے اختتام پر تینوں ٹیمیں دو، دو میچ جیت چکی ہوں گی اور ایسی صورت میں بہتر رن ریٹ کی حامل ٹیم ہی آگے جا سکے گی، اگر امریکا دو میں سے ایک بھی میچ جیتنے میں کامیاب رہا تو پاکستان کا ٹورنامنٹ میں سفر ختم ہوجائے گا۔

مزید پڑھیے  جونیئر عالمی کپ ہاکی ٹورنامنٹ، پاکستان کو کوارٹر فائنل میں سپین کے ہاتھوں شکست

پاکستان کو امریکا اور آئرلینڈ جیسی ٹیموں کے میچوں کے نتائج پر انحصار کرنا ہو گا، گرین شرٹس کو اب اپنے دونوں میچز جیتنا ہوں گے، قومی ٹیم 11 جون کو کینیڈا اور 16 جون کو آئرلینڈ کے مدمقابل ہوگی۔

 

 

 

Back to top button