بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

ایرانی صدر پاکستان کا تین روزہ سرکاری دورہ مکمل کرکے تہران روانہ

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی پاکستان کا تین روزہ سرکاری دورہ مکمل کرکے کراچی سے تہران روانہ ہوگئے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور گورنر سندھ کامران ٹیسوری ایرانی صدر کو الوداع کہنے کراچی ایئرپورٹ پہنچے۔اس موقع پر گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ ایرانی صدر کا کراچی پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ابراہیم رئیسی سے پاک ایران تجارت پر گفتگو ہوئی، ایران کے صدر نے پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات میں دلچسپی ظاہر کی۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی صدر نے مجھے تہران کے دورے کی دعوت دی ہے، میرے تہران کے دورے کا مقصد تجارتی تعلقات کا استحکام ہوگا۔دوسری جانب ایرانی صدر نے کہا کہ پاکستان کے شہریوں کومیرے آنےسےجو تکلیف ہوئی اس پرمعذرت کرتا ہوں۔ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے کراچی میں عشائیے سے خطاب میں واضح کیا کہ دنیا کی کوئی طاقت پاک ایران تعلقات خراب نہیں کر سکتی، دونوں ممالک کے تعلقات تاریخ، ثقافت اور مذہب کے مضبوط رشتے سے جڑے ہیں۔

انھوں نے صیہونی ریاست کے خلاف ڈٹے رہنے کا اعلان بھی کیا اور فلسطین کی آزادی کو اولین ترجیح قرار دیا۔واضح رہے کہ 22 اپریل کو ایرانی صدر ابراہیم رئیسی 3 روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچے تھے۔تین روزہ دورے کے دوران پاکستان اور ایران کے مابین مختلف جہتوں پر گفتگو ہوئی، ملاقاتوں میں ایران پاک تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، زراعت، تجارت، رابطے، توانائی، عوامی رابطوں سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

مزید پڑھیے  کسی کو بھی توقع نہیں تھی کہ او آئی سی اور عرب لیگ عملی طور پر فعال ہوجائے گی،شاہ محمود قریشی
Back to top button