بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

سعودی عرب کے رجیم چینج میں کردار بارے شیر افضل مروت کے بیان سے پی ٹی آئی کا اظہار لاتعلقی

پاکستان تحریک انصاف نے رجیم چینج میں سعودی عرب کو ملوث قرار دینے کے پارٹی رہنما شیر افضل مروت کے بیان سے اظہار لاتعلقی کردیا۔ترجمان پی ٹی آئی نے اپنے بیان میں کہا کہ رجیم چینج آپریشن میں سعودی عرب کے کردار سے متعلق شیر افضل مروت کے خیالات حقائق کے منافی ہیں اور پی ٹی آئی  اس بیان سے مکمل اظہار لاتعلقی کرتی ہے۔

ترجمان کے مطابق تحریک انصاف اور بانی پی ٹی آئی عمران خان سعودی عرب کو نہایت قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، بانی پی ٹی آئی کا سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے باہمی احترام کا تعلق ہے۔ترجمان کا کہنا تھاکہ شیر افضل مروت کا مؤقف ان کی ذاتی رائے ہے جسے پی ٹی آئی کی قیادت اور کارکنوں کی تائید حاصل نہیں۔دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما زلفی بخاری نے بھی سعودی عرب سے متعلق شیر افضل بیان سے اظہار لاتعلقی کیا تھا۔

اپنے بیان میں زلفی بخاری نے کہا تھا کہ سعودی عرب نے ہر مشکل موقع پر پاکستان کو ناکام ہونے سے بچایا ہے، بانی پی ٹی آئی اور پارٹی کی سعودی عرب کے بارے میں وہ رائے نہیں جس کا اظہار شیر افضل مروت نے کیا۔انہوں نے کہا کہ ایسی کوئی وجہ سامنے نہیں ہے سعودی عرب کی مداخلت کی بات پر یقین کیا جائے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز نجی ٹی وی کے پروگرام میں شیر افضل مروت نے کہا تھا کہ رجیم چینج آپریشن میں سعودی عرب بھی ملوث تھا، سعودی عرب اور امریکا کے تعاون سے رجیم چینج آپریشن ہوا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جتنی بھی سرمایہ کاری آ رہی ہے وہ اسی منصوبہ بندی کا حصہ ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز ہی سعودی وزیر خارجہ کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کے سعودی وفد نے پاکستان کا دورہ کیا تھا اور سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

مزید پڑھیے  ضمنی انتخابات کیلئے تمام تیاریاں مکمل، رینجرز، ایف سی اور پاک فوج کی تعیناتی کا نوٹیفیکیشن جاری
Back to top button