بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

سابق وفاقی وزیر خزانہ سرتاج عزیز انتقال کرگئے،صدر، وزیراعظم کا اظہار تعزیت

سابق وفاقی وزیر خزانہ سرتاج عزیز انتقال کر گئے، سرتاج عزیز کافی عرصہ سے شدید علیل تھے۔رہنما مسلم لیگ ن احسن اقبال نے سوشل میڈیا پر سرتاج عزیز کے انتقال کا پیغام جاری کیا، مرحوم کی عمر 95 برس تھی، سرتاج عزیز 7 فروری 1929ء کو نوشہرہ میں پیدا ہوئے تھے، سرتاج عزیز مسلم لیگ ن کے سرگرم رہنما اور نوازشریف کے قریبی ساتھی تھے۔

سرتاج عزیز نے لاہور کے اسلامیہ کالج اور پنجاب یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی تھی، 1952ء سے 1971ء تک سول بیوروکریسی میں خدمات سرانجام دی تھیں، سرتاج عزیز 1988ء سے 1994ء تک سینیٹر رہے۔2013ء سے 2017ء تک ن لیگ کی حکومت میں نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر بھی رہے، سرتاج عزیز متعدد کتابوں کے مصنف بھی تھے۔

صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سرتاج عزیز کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے مرحوم کے لواحقین کے ساتھ اظہارتعزیت کیا اور مرحوم کیلئے دعائے مغفرت، ورثاء کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔

انوار الحق کاکڑ نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا ہے کہ سرتاج عزیز انتہائی زیرک اور منجھے ہوئے سیاستدان تھے، تحریک پاکستان کے فعال کارکن اور قوم کا عظیم اثاثہ تھے، ان کی پاکستان کیلئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے مرحوم سرتاج عزیز کی بلندی درجات کیلئے دعا کی اور ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت بھی کیا۔

آزاد کشمیر کے وزیر اعظم چودھری انوارالحق نے بھی سابق وزیر خارجہ و خزانہ پاکستان سرتاج عزیز کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا اور ان کی قومی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے دعا کی اللہ پاک سرتاج عزیز کے درجات بلند اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

مزید پڑھیے  آج کس شہر میں کتنی گرمی پڑی؟

گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے بھی سابق وزیرخزانہ سرتاج عزیز کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت، درجات کی بلندی اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔

Back to top button