بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پرویز الہیٰ کے کاغذات جمع کرانے کیلئے آنے والی وکلا کی ٹیم گرفتار

سابق وزیر اعلٰی پنجاب اور تحریک انصاف کے صدر پرویز الہٰی کے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے لیے آئی وکلا کی ٹیم کو چکوال میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق وکلا قومی اسمبلی کے حلقے این اے 59 پر چوہدری پرویز الٰہی اور ان کی اہلیہ قیصرہ الہٰی کے کاغذات نامزدگی جمع کرانے آئے تھے۔

دوسری جانب گجرات میں پرویز الہی کی اہلیہ قیصرہ الٰہی اور چوہدری شجاعت حسین کی ہمشیرہ سمیرا الٰہی کو بھی پولیس نے کاغذات نامزدگی جمع کروانے سے روک دیا، پولیس نے خواتین امیدواروں کو آر او آفس میں داخل نہیں ہونے دیا، قیصرہ الٰہی این اے 64 اور سمیرا الٰہی پی پی 34 کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے آئی تھیں۔

اسی طرح پنجاب اسمبلی کے حلقے پی پی 23 سے حافظ عمار یاسر کے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لیے آنے والے تجویز کنندہ اور تائید کنندہ کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔

یاد رہے کہ آج (22 دسمبر) ہی سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کی انتخابات میں لیول پلیئنگ فیلد مہیا نہ کیے جانے پر الیکشن کمیشن کو ان کے تحفظات دور کرنے کی ہدایت دی تھی، بعد ازاں الیکشن کمیشن نے ان ہدایات کی روشنی میں اعلان کیا تھا کہ انتخابی عمل میں رکاوٹ بننے والے ڈی آر اوز، آر اوز اور پولیس افسران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

مزید پڑھیے  سندھ میں نئے بلدیاتی نظام سے متعلق قانون آج سندھ اسمبلی میں پیش کیا جائے گا
Back to top button