بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

جسٹس ریٹائرڈ ارشد حسین شاہ خیبرپختونخوا کے نئے نگران وزیراعلیٰ مقرر

نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اعظم خان کے انتقال کے بعد جسٹس ریٹائرڈ ارشد حسین شاہ کو صوبے کا نیا نگران وزیراعلیٰ مقرر کردیا گیا۔یہ فیصلہ نئے نگران وزیراعلیٰ کی تعیناتی پر مشاورت کے لیے سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان اور اپوزیشن لیڈر اکرم خان درانی کی ملاقات کے بعد کیا گیا۔

ملاقات کے بعد جاری کردہ نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ اکرم خان درانی اور محمود خان نے آئین کے آرٹیکل 224 کی شق ون (اے) کے تحت جسٹس ریٹائرڈ ارشد حسین شاہ کو نگران وزیراعلیٰ مقرر کرنے پر اتفاق کیا ہے۔بعد ازاں گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے سابق وزیر اعلیٰ محمود خان اور سابق اپوزیشن لیڈر اکرم خان درانی کی جانب سے نامزد کردہ جسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ کی بطور نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نامزدگی کی منظوری دے دی۔

قبل ازیں سابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ’ڈان نیوز‘ سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی تھی کہ جسٹس (ریٹائرڈ) ارشد حسین کے نام پر اتفاق کر لیا گیا ہے، ارشد حسین شاہ خیبرپختونخوا کے نئے نگران وزیر اعلیٰ ہوں گے۔جسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ کو رواں برس کے آغاز میں سابق وزیراعلیٰ اعظم خان کی کابینہ میں وزیر قانون مقرر کیا گیا تھا، اس سے قبل وہ چیف جسٹس گلگت بلتستان کے عہدے پر بھی فائز رہ چکے ہیں۔

مزید پڑھیے  کچے کے ڈاکوئوں کے پاس امریکی اسلحہ، ٹریننگ بھارت کا بندوست بھارت کا، قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی میں انکشاف
Back to top button