بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

پاکستان ویمنز اے نے سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت لی

پاکستان ویمنز اے نے سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے فائنل میں ویسٹ انڈیز ویمنز اے کو 8 وکٹوں سے شکست دیدی۔

بدھ کے روز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے فائنل میں پاکستان ویمنز اے نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز ویمنز اے کو بیٹنگ دی جس نے مقررہ 20 اوورز میں6 وکٹوں کے نقصان پر 97 رنز اسکور کیے۔

جواب میں پاکستان ویمنز اے نے15.5 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ اسکور پورا کرلیا۔

ویسٹ انڈیز ویمنز اے کی اننگز میں صرف قیانا جوزف ہی قابل ذکر بیٹنگ کرپائیں انہوں نے پانچ چوکوں کی مدد سے 35 رنز اسکور کیے انہوں نے شابیکا کے ساتھ پہلی وکٹ کی شراکت میں 59 رنز کا اضافہ کیا شابیکا کا انفرادی اسکور 10 رنز رہا۔ کپتان راشادا ولیمز نے ایک چوکے کی مدد سے 18 رنز بنائے۔

پاکستان ویمنز اے کی طرف سے کپتان رامین شمیم اور عمیمہ سہیل نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان ویمنز اے کی اننگز میں شوال ذوالفقار نے چار چوکوں کی مدد سے 39 رنز بنائے اور وہ آؤٹ نہیں ہوئیں۔گل فیروز نے تین چوکوں کی مدد سے23 رنز اسکور کیے جبکہ عمیمہ سہیل ایک چوکے کی مدد سے 20 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہیں۔ شوال اور عمیمہ نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 46 رنز کا اضافہ کیا۔

اس سہ فریقی سیریز میں شریک تیسری ٹیم تھائی لینڈ ایمرجنگ ویمنز تھی۔

پاکستان ویمنز اے لیگ کے دونوں میچ جیت کر فائنل میں پہنچی تھی ۔اس نے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز ویمنز اے کو 12 رنز سے اور دوسرے میچ میں تھائی لینڈ ایمرجنگ ویمنز کو 28 رنز سے ہرایا تھا جبکہ ویسٹ انڈیز ویمنز اے نے تھائی لینڈ ایمرجنگ ویمنز کے خلاف 5 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔

مزید پڑھیے  لائنل میسی کی ٹیم بارسلونا نے کوپا ڈیل رے کپ جیت لیا

اس سہ فریقی سیریز کے بعد پاکستان ویمنز اے ٹیم تھائی لینڈ ایمرجنگ ویمنز کے خلاف دس اور گیارہ نومبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں دو ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔

مختصر اسکور:
ویسٹ انڈیز ویمنز اے 97 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ ( 20 اوورز ) قیانا جوزف 35، رامین شمیم 17 / 2 وکٹ، عمیمہ سہیل 17 / 2وکٹ۔

پاکستان ویمنز اے 99 رنز 2 کھلاڑی آؤٹ ( 15.5 اوورز ) شوال ذوالفقار 39 ناٹ آؤٹ، گل فیروزہ 23، عمیمہ سہیل 20 ناٹ آؤٹ

Back to top button