بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

ورلڈ کپ کرکٹ، بھارت کی مسلسل 8ویں جیت، جنوبی افریقہ کو 243رنز سے شکست

ورلڈ کپ کے 37 ویں میچ میں بھارت نے یکطرفہ مقابلے کے بعد جنوبی افریقا کو  243 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل آٹھویں کامیابی حاصل کرلی۔ایڈن گارڈنز کولکتہ میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے جنوبی افریقا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

بھارت نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 326 رنز بنائے، ویرات کوہلی 101 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔اس کے علاوہ شریاس ائیر نے 77 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 2 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے۔ کپتان روہت شرما 40،شبمن گل 23 اور سوریاکمار یادیو نے 22 نے رنز بنائے، کے ایل راہول 8 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ رویندرا جڈیجا 29 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

جنوبی افریقا کی جانب سے مارکو یانسن، کگیسو رباڈا، کیشو مہاراج اور تبریز شمسی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔بھارت کے 327 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور کوئی بھی بیٹر بھارتی بولرز کے سامنے جم کر نہ کھیل سکا۔

جنوبی افریقا کی پوری ٹیم  28 ویں اوور میں صرف 83  رنز پر آل آؤٹ ہوگئی، مارکو یانسن 14 اور وین ڈر ڈوسین 13 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔کپتان ٹمبا باووما اور ڈیوڈ ملر نے 11 ،11 رنز بنائے جبکہ  ایڈن مارکرم 9 اور کیشو مہاراج 7 رنز بناسکے۔

بھارت کی جانب سے رویندرا جڈیجا نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، محمد شامی اور کلدیپ یادیو نے 2 ، 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد سراج نے ایک وکٹ لی۔ویرات کوہلی کو شاندار بیٹنگ کرنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

مزید پڑھیے  سابق آئی سی سی امپائر اسد رئوف انتقال کر گئے
Back to top button