بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

ورلڈ کپ کرکٹ، پاکستان نے نیوزی لینڈ کیخلاف بارش سے متاثرہ میچ 21 رنز سے جیت لیا

آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء کے 35ویں میچ میں قومی ٹیم نے 25.3 اوورز میں 1 وکٹ کے نقصان پر 200 رنز بنا لیے تھے، بارش کے باعث رکا میچ دوبارہ شروع نہ ہوسکا جس پر ڈی ایل ایس میتھ کے تحت قومی ٹیم 21 رنز سے فاتح قرار پائی۔کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء کے اہم میچ میں نیوزی لینڈ کے 402 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی ایک وکٹ کے نقصان پر بیٹنگ جاری تھی جب اچانک بارش کے باعث میچ روک دیا گیا۔ بارش آنے سے پہلے تک پاکستانی ٹیم نے 21.3 اوورز میں 160 رنز بنائے تھے، بارش کے اختتام پر ڈک ورتھ لیوئس میتھڈ کے تحت پاکستان کو جیت کیلئے 41 اوورز میں 342 رنز کا نیا ہدف ملا۔

دوبارہ اننگز کے آغاز پر قومی ٹیم کو جیت کیلئے 19.3 اوورز میں مزید 182 رنز بنانے تھے، پاکستانی ٹیم 25.3 اوورز میں 200 رنز بنا چکی تھی جب دوبارہ بارش آنے سے  میچ ایک بار پھر روک دیا گیا۔پاکستانی ٹیم ہدف کے تعاقب میں بہتر آغاز نہ کر سکی، گرین شرٹس کی پہلی وکٹ 6 رنز پر گر گئی، پاکستانی اوپنر عبداللہ شفیق 9 گیندوں پر چار رنز بنا کر پویلین چلتے بنے تاہم فخر زمان نے کپتان بابر اعظم کے ہمراہ ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 63 گیندوں پر شاندار سنچری سکور کی۔

فخر زمان 81 گیندوں پر 11 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 126 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں جبکہ ان کے ساتھ بیٹنگ کر رہے کپتان بابر اعظم 63 گیندوں پر 66 رنز بنا چکے ہیں۔بھارت کے شہر بنگلورو کے ایم چنا سوامی سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کیخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، کیویز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 401 رنز بنائے۔نیوزی لینڈ نے بیٹنگ کے آغاز پر محتاط انداز اپناتے ہوئے 7ویں اوور میں بغیر کسی نقصان کے 50 رنز مکمل کیے تاہم 68 رنز کے مجموعی سکور پر بلیک کیپس کو پہلا نقصان اٹھانا پڑا، کیوی اوپنر ڈیون کانووے 39 گیندوں پر 35 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر محمد رضوان کو کیچ دے بیٹھے۔

مزید پڑھیے  ٹوکیو اولمپکس، تیراک بسمہ خان بھی ہار گئیں

کیوی کپتان کین ولیمسن نے کریز پر آکر جارحانہ کھیل کا آغاز کیا اور بلیک کیپس نے 29 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 200 رنز مکمل کئے، بعدازاں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن 79 گیندوں پر 95 رنز بنا کر افتخار احمد کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔نیوزی لینڈ کی تیسری وکٹ 261 رنز کے مجموعے پر گری، کیوی بلے باز رچن رویندرا نے جارحانہ اننگز کھیلی اور 94 گیندوں پر 108 رنز بنا کر وسیم جونیئر کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔

نیوزی لینڈ کی چوتھی وکٹ 318 رنز پر گری جب کیوی بلے باز ڈیرل مچل 18 گیندوں پر 29 رنز بنا کر حارث رؤف کا شکار بنے، بلیک کیپس کا پانچواں نقصان 345 رنز کے اجتماعی سکور پر ہوا، کیوی بلے باز مارک چیپمین 27 گیندوں پر 39 رنز بنا کر وسیم جونیئر کی گیند پر پویلین چلتے بنے۔کیویز کا چھٹا نقصان 48 ویں اوور کی پانچویں گیند پر 388 رنز کے مجموعے پر ہوا، گلین فلپس نے 25 گیندوں پر 41 رنز کی اننگز کھیلی اور وسیم جونیئر کا شکار بنے۔تاہم نیوزی لینڈ کی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 401 رنز بنائے، پاکستان کی جانب سے وسیم جونیئر نے 3، حسن علی، افتخار احمد اور حارث رؤف نے 1،1 کھلاڑی کو پویلین بھیجا جبکہ شاہین آفریدی کوئی وکٹ نہ لے سکے۔

Back to top button