بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

بھارتی ٹیم کو شکست دینے والی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کا وطن واپسی پر شاندار استقبال

ورلڈ بلائنڈ گیمز میں بھارت کو شکست دے کر گولڈ میڈل حاصل کرنے والی  پاکستان کرکٹ ٹیم وطن واپس پہنچ گئی۔لاہور ائیرپورٹ پر قومی بلائنڈ اسکواڈ کا شاندار استقبال کیا گیا۔واضح رہے کہ نثارعلی کی قیادت میں پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے بھارت کو فائنل میں 8 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

برمنگھم میں ہونیوالے فائنل میں بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے 20 اوورز میں تین وکٹ پر 184 رنز بنائے۔ بھارت کے درگا راؤ تومپاکی نے 76 رنز بنائے۔ سنیل رمیش نے 48 رنز کی اننگز کھیلی۔پاکستان کی جانب سے مطیع اللہ اور محمد سلمان نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں پاکستانی بیٹرز نے بھارتی بولرز کو بے بس کیے رکھا اور وہ اپنی لائن و لینتھ پر قابو نہ رکھ سکے۔ نثار علی اور مطیع اللہ نے پاکستان کو 78 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ نثار علی 36 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، مطیع اللہ نے 18 رنز بنائے۔

مگر اس کے بعد محمد سلمان اور بدر منیر نے انڈین بولرز کو مزید کامیابیاں نہیں حاصل کرنے دیں اور تیسری وکٹ کیلئے ناقابل شکست 89 رنز بناکر پاکستان کو 8 وکٹ کی فتح سے ہمکنار کرادیا۔ سلمان 48 اور بدرمنیر 41 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستانی اننگز میں 42 رنز ایکسٹرا کے تھے۔

اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے ورلڈ بلائنڈ گیمز میں کرکٹ کا گولڈ میڈل حاصل کرلیا۔پاکستان ٹیم برمنگھم میں ہونے والے ورلڈ بلائنڈ گیمز میں ناقابل شکست رہی، قومی ٹیم نے ایونٹ میں بھارت کو 2 بار دھول چٹائی۔

مزید پڑھیے  ون ڈے کرکٹ کی عالمی درجہ بندی، بابر اور شاہین سے نمبر ون پوزیشن چھن گئی
Back to top button