بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

ٹیکساس چارجرز نے یو ایس ماسٹرز ٹی 10 لیگ جیت لی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ کی ٹیم ٹیکساس چارجرز نے یو ایس ماسٹرز ٹی 10 لیگ جیت لی۔فائنل میں مصباح الحق کی نیویارک واریئرز کے خلاف میچ ٹائی ہو گیا،  دونوں ٹیموں نے 92 رنز بنائے تاہم  سپر اوور میں حفیظ کی ٹیم نے 15 رنز بنائے جبکہ مصباح کی ٹیم واریئرز 13 رنز بنا سکی۔

فلوریڈا میں ہوئے فائنل میں نیویارک واریئرز کا آغاز ڈرامائی رہا ، پہلی گیند پر کامران اکمل آؤٹ  ہوئے، پھر دلشن نے 18 اور رچرڈ لیوی نے 17 رنز بنائے ، مصباح 5 ، شاہد آفریدی ایک اور عبدالرزاق 3 رن بنا کر آؤٹ ہوگئے۔لیکن جوناتھن کارٹر نے 17 گیندوں پر 39 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور ٹیم کا اسکور 6 وکٹ پر 92 تک پہنچا دیا۔

ٹیکساس چارجرز  کی جانب سے احسان عادل نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ہدف کے تعاقب میں ٹیکساس چارجرز کے مختار 6  رن بنا کر آؤٹ ہوگئے ، دوسری جانب سے محمد حفیظ نے لاٹھی چارج کیا ، 4  چھکے اور 4 چوکے لگائے ، بین ڈنک نے بھی 20 رنز کی اننگز کھیلی۔

محمد حفیظ نے17 گیندوں پر 46 رنز بنا کر ٹیم کو جیت کی راہ پڑ ڈالا لیکن پھر وکٹوں کی لائن لگ گئی، پہلے عمید آصف نے وکٹ لی ۔ پھر سہیل خان نے ایک اوور میں 4  وکٹیں گرائیں۔

میچ کی آخری دو گیندوں پر شاہد آفریدی نے 2  وکٹیں اڑائیں اور میچ ٹائی ہو گیا۔

تاہم سپر اوور میں چارجرز نے 15 رنز بنائے، جواب میں واریئرز 13 رنز بنا سکے اور یوں محمد حفیظ کی ٹیم نے میچ سپر اوور میں 2  رنز سے جیت کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

مزید پڑھیے  فاسٹ بولر محمد عامر کو ڈومیسٹک سینٹرل کنٹریکٹ مل گیا
Back to top button