بسم اللہ الرحمن الرحیم

حادثات و جرائم

اسکردو میں لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آکر ایک ہی خاندان کے 4 افراد جان کی بازی ہار

 گلگت بلتستان کے ضلع اسکردو میں لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آکر ایک ہی خاندان کے 4 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

اسکردو کے سینیئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) راجا مرزا حسن نے بتایا کہ ضلع استور سے تعلق رکھنے والی ایک فیملی اسکردو سے گلگت جارہی تھی، ضلع گلگت کے قریب اسکردو کی آخری آبادی شینگوس کے مقام پر پہنچتے ہی ان کی گاڑی کے سامنے لینڈ سلائیڈنگ ہوئی جس سے بچنے کے لیے تمام افراد گاڑی سے اُتر کر محفوظ مقام کی جانب جارہے تھے۔

تاہم اسی اثنا میں مذکورہ خاندان کے افراد دوسری لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آگئے جس کے نتیجے میں اس خاندان کے 5 افراد میں سے 3 خواتین اور ایک بچہ جاں بحق ہو گیا جبکہ ایک شخص زخمی ہوا۔

انہو نے کہا کہ کہ لینڈ سلائیڈنگ کے شکار افراد تک فوری رسائی اس لیے نہیں ملی کیونکہ شاہراہ بلتستان جائے حادثہ کے علاوہ 4 دیگر مقامات پر تیز بارشوں کے باعث ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ کے سبب بند ہے۔

ملبے تلے دب جانے والے افراد کو نکالنے کے حوالے سے ان کا مزید کہنا تھا کہ رسائی کی کوشش جاری ہے، ریسکیو ٹیمیں ان تک پہنچنے کی تگ و دو کر رہی ہیں۔

لینڈ سلائیڈنگ کے شکار ایک ہی فیملی کے افراد کو ریسکیو کرنے کے حوالے سے 1122 اسکردو کے ترجمان غلام رسول کا کہنا ہے کہ جگہ جگہ لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے اسکردو سے ریسکیو ممکن نہ ہونے پر گلگت سے ایمبولینس اور مورچری گاڑیاں روانہ کر دی گئی ہیں مگر گلگت کے مقام آسمان پڑی کے جگہ پر انہیں روک دیا گیا ہے۔

مزید پڑھیے  بلوچستان اور سندھ میں طوفانی بارشیں، 5افراد جاں بحق

انہوں نے مزید بتایا کہ لوگ چند گھنٹے قبل ریسکیو ٹیموں کے ہمراہ جائے حادثہ تک پہنچ گئے تھے دوپہر 2 بجے کے قریب امدادی ٹیم سے رابطہ ہوا تھا جس کے مطابق 4 میتوں اور ایک زخمی کو کاندھوں پر اٹھا کر امدادی ٹیم 10 کلو میٹر کا فیصلہ پیدل طے کر چکے تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ مواصلاتی نظام نہ ہونے سے شاہراہِ بلتستان میں فوری امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔

ادھر صوبائی حکومت کے مطابق شاہراہ قراقرم پر ہوڈر کے مقام پر سیلابی ریلا آنے سے شاہراہ ٹریفک کے لیے بند ہو گئی ہے جس سے سیاحوں اور مال بردار گاڑیوں کی لائنیں لگ گئی ہیں۔

Back to top button