بسم اللہ الرحمن الرحیم

علاقائی

تھانہ نورپورتھل کی تاریخ میں انعم سرفراز پہلی خاتون ایس ایچ او تعینات

خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے) تھانہ نورپورتھل کی تاریخ میں انعم سرفراز پہلی خاتون ایس ایچ او تعینات ، عوامی سماجی اور صحافتی حلقوں کا خیر مقدم اور نیک تمناؤں کا اظہار ۔ حکام بالا کی طرف سے میڈم انعم سرفراز کو بطور ایس ایچ او تھانہ نورپورتھل تعینات کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال کر فرائض منصبی سر انجام دینا شروع کر دیے ہیں۔ واضح رہے کہ تھانہ نورپورتھل کی تاریخ میں میڈم انعم سرفراز کو پہلی خاتون ایس ایچ او تعینات ہونے کا اعزاز حاصل ہے ۔ دریں اثناء نئی تعینات ہونے والی اسٹیشن ہاؤس آفیسر میڈم انعم سرفراز نے نورپورتھل پریس کلب کے چیرمین سیٹھ ثمر سلطان، فاونڈر ممبرز ایم نوردین اور راجہ نورالہی عاطف کے ساتھ ایک خصوصی تعارفی نشست کے دوران کہا کہ اللہ تعالی ا کے فضل و کرم سے میری جس تھانے میں بھی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے وہاں پر میرٹ پسندی سے کام لیا ہے ۔ قبل ازیں سرگودھا اور جوڑاکلاں کے تھانوں میں تعیناتی کے دوران سائلان کی داد رسی کے لیے ہرگز کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی۔ انشاءاللہ تھانہ نورپورتھل میں بھی ہر طرح سے میرٹ کی عملداری یقینی بنائی جائے گی اس حوالے سے ہرگز کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ مظلوم کو انصاف فراہم کیا جائے گا اور ظالم کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا ۔ میڈم انعم سرفراز نے کہا کہ سٹریٹ کرائمز کے مکمل خاتمے کے ساتھ ساتھ سماج دشمن عناصر کی مکمل بیخ کنی کی جائے گی ۔ ایس ایچ او تھانہ نورپورتھل نے صحافیوں پر زور دیا کہ وہ معاشرتی اصلاح وفلاح کے لئے پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کریں ۔ اس موقع پر نورپورتھل پریس کلب کے وفد نے اسٹیشن ہاؤس آفیسر تھانہ نورپورتھل میڈم انعم سرفراز کو سماجی بہبود کے لئے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائ۔

مزید پڑھیے  بہت جلد پیپلز رائیٹس کوآرڈینیشن کونسل ضلع خوشاب کا قیام عمل میں لایا جائے گا، حاجی ملک ظل حسنین
Back to top button