بسم اللہ الرحمن الرحیم

حادثات و جرائم

برفانی تودہ گرنے سے تین خواتین سمیت 10 افراد جاں بحق

گلگت بلتستان کے ضلع استور کے علاقے شونٹر کی حدود میں برفانی تودہ گرنے سے تین خواتین سمیت 10 افراد جاں بحق اور بچوں سمیت 25 زخمی ہو گئے ہیں۔

حادثے کے حوالے سے ڈی آئی جی دیامر، استور ڈویژن طفیل میر کا کہنا ہے کہ ہفتہ کے روز علی الصبح شدید بارشوں کے باعث استور تحصیل شونٹر کی حدود میں برفانی تودہ گرا۔

انہوں نے کہا کہ تودہ گرنے سے کشمیر سے تعلق رکھنے والا خاندان زد میں آ یا جس کے نتیجے میں تین خواتین سمیت 9 افراد جاں بحق، بچوں اور خواتین سمیت 25 زخمی ہو گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دشوار گزار اور آبادی سے دور ہونے کے باعث جائے حادثہ تک رسائی اور فوری امداد میں دشواریوں کا سامنا ہے تاہم پولیس انتظامیہ کے افسران اور ریسکیو کے امدادی ٹیمیں بھجوا دی گئی ہیں۔

طفیل میر کے مطابق حادثے کے مقام پر مواصلات کا نظام بھی نہ ہونے سے رابطوں میں بھی مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر سے سالانہ خانہ بدوشوں کی بڑی تعداد مال مویشی چرانے کے لیے گلگت بلتستان کا رخ کرتی ہے جو جون میں گلگت بلتستان آتے ہیں اور نومبر میں برف باری پر واپس چلے جاتے ہیں۔

چیف سیکریٹری گلگت بلتستان محی الدین وانی نے اپنے ایک بیان میں واقعے میں 10 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کی ہدایات پر تمام ریسکیو ٹیموں کو جائے حادثہ کی جانب روانہ کر دیا ہے۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور ریسکیو آپریشن شروع کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

Back to top button