بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

القادر ٹرسٹ کیس، عمران خان سے تفتیش کا آغاز، اہلیہ سے بات کرنے ، وکلا اور ذاتی معالج سے ملاقات کی اجازت

 نیب نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے القادر ٹرسٹ کرپشن کیس میں تفتیش کا باضابطہ آغاز کردیا۔تفتیشی ٹیم نے زبانی سوال و جواب کرنے کے ساتھ عمران خان کو ایک سوالنامہ بھی بھرنے کیلئے دیا ہے۔عمران خان پر القادر ٹرسٹ کیس میں مبینہ کرپشن کا الزام ہے، انہیں پولیس لائنز اسلام آباد میں رکھا گیا ہے جسے سب جیل قرار دے دیا گیا، وہاں سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

دوسری جانب عدالت نے تحریری فیصلے میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل سے ملاقات اور اہلیہ سے بات کرنے کی اجازت دے دی ہے۔فیصلے میں عمران خان کا طبی معائنہ کرنے والی ٹیم میں ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل کو بھی شامل کرنے کا حکم دیا گیا ہے، جبکہ دوران ریمانڈ عمران خان کو اہلیہ بشریٰ بی بی سے بات کرنے کی بھی اجازت دی گئی ہے۔عدالت نے اپنے حکمنامے میں کہا ہے کہ دوران ریمانڈ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف و سابق وزیراعظم عمران خان کے وکلا ان سے ملاقات کرنا چاہیں تو اجازت ہو گی۔

Back to top button