بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

عمران خان کے پولیس پر لگائے گئے الزامات میں کوئی سچائی نہیں ہے، آئی جی پولیس

انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب پولیس عثمان انور کا کہنا ہے اگر پولیس پر گولی چلے گی تو اس کا جواب گولی سے ہی دیا جائے گا۔آئی جی پولیس پنجاب عثمان انور کا پولیس لائنز میں خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا عمران خان کے پولیس پر لگائے گئے الزامات میں کوئی سچائی نہیں ہے، عمران خان کو قتل کرنے کی کوئی منصوبہ بندی نہیں کی گئی، ہم کسی بھی شہری کو نقصان پہنچانے کا سوچ بھی نہیں سکتے۔

آئی جی پنجاب کا کہنا تھا عمران خان کے الزامات کا ہر سطح پر سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں، جوڈیشل کمیشن ہو یا کسی سطح پر تحقیقات، اپنی ٹیم کے ساتھ جواب دیں گے، پولیس والے قصور وار نکلے تو سزا دیں ورنہ الزام لگانے والےکو سزا دیں۔

عثمان انور نے کہا کہ ہرشہری کو تحفظ فراہم کرنا پولیس کا فرض ہے، جلسے اور جلوس میں پولیس پورا تحفظ فراہم کرے گی۔آئی جی پنجاب کا کہنا تھا پولیس پر حملہ کرنے والے کو پسپا ہی نہیں کرنا بلکہ ان کا قلع قمع کرنا ہے، پولیس پر گولی چلے گی تو جواب گولی سے دیا جائے گا، کسی جگہ دہشت گرد ہو تو نہیں چھوڑا جائے گا۔

عثمان انور کا کہنا تھا ، پولیس کے شہداء، جہیز فنڈ اور دوسرے ویلفیئر کے فنڈ ڈبل کر دیے ہیں، سی سی پی او لاہور بلال کمیانہ کا کام تعریف کے قابل ہے، سی سی پی او بلال کمیانہ نے برسوں پرانی 13 ہزار اپیلیں نمٹائیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز عمران خان نے ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ آئی جی پنجاب اور آئی جی اسلام آباد نے میرے قتل کا منصوبہ بنایا ہے، ان لوگوں نے زمان ٹاؤن میں گھس کر قتل کامنصوبہ بنایا ہے، مجھے مرتضیٰ بھٹو کی طرح قتل کیا جا سکتا ہے۔نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے عمران خان کے الزامات کی تحقیقات کے لیے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دے دی ہے۔

Back to top button