بسم اللہ الرحمن الرحیم

علاقائی

ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نور پور تھل نے پودا لگا کر شجرکاری مہم کا آغاز کردیا

خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے) ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر تحصیل نور پور تھل فیض حسن ملک نے اپنے دفتر میں پودا لگا کر موسم بہار کی شجر کاری مہم کا افتتاح کر دیا ۔ اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر ہیڈ کوارٹر محمد آصف خان نیازی بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرنے قومی شجرکاری مہم کی افادیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی طرف سے سر سبز پاکستان مہم کے تحت وطن عزیز کے دیگر علاقوں کی طرح تحصیل نورپورتھل میں بھی سرکاری سطح پر شجر کاری مہم کو شاندار کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لئے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔ اس سلسلہ میں تحصیل بھر کے بوائز اور گرلز سکولوں میں متعلقہ اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز کی زیر نگرانی شجرکاری مہم کی مناسبت سے ٹاسک دے دیا گیا ہے ۔ فیض حسن ملک نے کہا کہ وطن عزیز کو سرسبز و شاداب بنانے کے لئے ہمیں من حیث القوم اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ درخت لگانا صدقہ جاریہ کاکام ہے ۔ درخت اللہ تعالی ا کی بہت بڑی نعمت ہیں یہ جہاں ماحولیاتی آلودگی کو ختم کرتے ہیں وہاں انسان ان سے بے شمار فوائد حاصل کرتے ہیں ۔ انہوں نے تحصیل بھر کے تمام سرکاری سکولوں کے سربراہان، ٹیچرز اور طلباء پر زور دیا کہ وہ قومی شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور پودے لگانے کے بعد ان کے مکمل پروان چڑھنے تک، ان کی ہر طرح سے دیکھ بھال کریں۔

Back to top button