بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد کی بطور چیئرمین نیب تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری

لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد کی بطور چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔جوائنٹ سیکریٹری عمر عزیز کے دستخط سے وزارتِ قانون و انصاف نے نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد کی بطور چیئرمین تعیناتی 3 سال کے لیے ہو گی۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی میں اپو زیشن لیڈر راجہ ریاض سے مشاورت کے بعد لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد کو چیئر مین نیب کی تقرری کی منظوری دی تھی۔لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد (ہلال امتیاز) پاک فوج کے ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل اور بہت اچھی شہرت کے حامل افسر ہیں جنہوں نے 11 اپریل 2016ء سے 19 دسمبر 2016ء تک نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے 30 ویں صدر کے طور پر خدمات انجام دیں۔

وہ امریکا میں پاکستان کے ملٹری اتاشی، سابق وزیرِ اعظم شوکت عزیز اور سید یوسف رضا گیلانی کے ملٹری سیکریٹری کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے 1983ء میں 40 فرنٹیئر فورس رجمنٹ، پاکستان آرمی میں کمیشن حاصل کیا۔

انہوں نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی، پاکستان سے گریجویشن کیا۔دسمبر 2016ء میں XI کور (پشاور کور) کے کمانڈر کے طور پر اپنی تقرری سے قبل لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے وفاق کے زیرِ انتظام قبائلی علاقوں (FATA) میں انفنٹری ڈویژن کی کمانڈ کرنے کے علاوہ پاکستان ملٹری اکیڈمی (PMA) کے کمانڈر کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔

انہیں 2014ء میں لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی اور بعد ازاں جنرل ہیڈ کوارٹرز میں انسپکٹر جنرل آف کمیونیکیشن اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے عہدے پر تعینات کیا گیا۔

2018ء میں سروس سے ریٹائر ہونے سے پہلے لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد نے بطور میجر جنرل جنوبی وزیرستان میں ایک ملٹری فارمیشن کی کمانڈ بھی کی۔وہ کشمیری نژاد ہیں اور کشمیری زبان پر عبور رکھتے ہیں، ان کے والد بھی پاک فوج میں خدمات انجام دے چکے ہیں اور کرنل کے عہدے سے ریٹائر ہوئے۔

Back to top button