بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پولیس کے پاس جو ہتھیار ہیں ان سے دہشتگردوں کا مقابلہ نہیں کیا جاسکتا، عمران خان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے پاس امریکا کے چھوڑے گئے جدید ہتھیار ہیں۔

ویڈیو لنک کے ذریعے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہماری پولیس کے پاس جیسے ہتھیار ہیں اس سے دہشت گردوں کا مقابلہ نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امریکی جنگ میں پاکستان کو نیوٹرل رہنا چاہیے تھا، پاکستان کا سب سے اہم مسئلہ معیشت کا ہے۔

عمران خان کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف نے کہا کہ ہمیں امریکا کو لاجسٹک سپورٹ دینی ہے، 80 کی دہائی میں مجاہدین کو تربیت دی اور اس کو جہاد کا نام دیا، عرب ممالک سے گروہ جہاد اور جنگ کرنے آئے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ پاکستان کی فوج وزیرستان میں بھیجی جا رہی تھی تو میں نے اختلاف کیا، قائد اعظم نے قبائلی علاقوں سے فوج کو واپس بلانے کا کہا تھا۔

سابق وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ فاٹا انضمام کو سب ناممکن سمجھ رہے تھے پھر سب نے اتفاق کیا، فاٹا کے انضمام کا سب سے زیادہ فائدہ یا نقصان خیبرپختونخوا کو ہونا تھا، فاٹا انضمام کے بعد پنجاب اور خیبرپختونخوا نے پیسے دیے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ سندھ نے فاٹا کے پیسے دینے سے صاف انکار کر دیا، ن لیگ کی حکومت نے خیبرپختونخوا کے فنڈ روک لیے، نیشنل سیکیورٹی کونسل میٹنگ میں فاٹا پر فنڈ رکھنے کا فیصلہ کیا۔

تحریک انصاف کے چیئرمین نے یہ بھی کہا کہ ان حکمرانوں نے نہ معیشت بہت توجہ دی نہ دہشت گردی کو روکا، دہشت گردی کا سب سے زیادہ خطرہ خیبرپختونخوا کو ہے، بارڈر کا سب سے زیادہ کنٹرول وفاق کے پاس ہے، کراچی میں دہشت گردی بھی نہیں لیکن رینجرز موجود ہیں۔

Back to top button