بسم اللہ الرحمن الرحیم

علاقائی

پی پی پی غریب، مزدور، دیہاڑی دار، کاشتکار اور متوسط طبقے کی سب سے بڑی جماعت ہے، حاجی ملک حسنین

خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے) پاکستان پیپلزپارٹی سرگودھا ڈویژن کے جنرل سیکرٹری حاجی ملک حسنین نے کہا ہے کہ پی پی پی غریب، مزدور، دیہاڑی دار، کاشتکار اور متوسط طبقے کی سب سے بڑی جماعت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مٹھہ ٹوانہ میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کی سالگرہ کی مناسبت سے منعقدہ شاندار تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے ایکس وائس پریزیڈنٹ پی پی پی ڈسٹرکٹ خوشاب امیر خان بلوچ کی طرف سے عظیم الشان تقریب کے انعقاد کو شاندار الفاظ میں سراہا تے ہوئے کہا کہ پی پی پی کے مخلص ورکر ہماری پارٹی کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ہماری جماعت ایسے جیالوں کی بہت زیادہ قدر کرتی ہے ۔ ملک حاجی ظل حسنین نے کہا کہ سرگودھا ڈویژن کے تمام اضلاع اور ان کے مواضعات میں تنظیمی فعالیت کے لیے بھرپور کام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے دل ہمارے قائدین کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ انشاء اللہ پاکستان پیپلز پارٹی قومی تعمیر و ترقی کے لیے مثالی کردار ادا کرتی رہے گی ۔ ملک حاجی ظل حسنین نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا۔ پی پی پی عہدیداران اور ورکرز بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ اس موقع پر معروف سماجی شخصیات سید عثمان علی شاہ ، ملک اختر نور خیل اعوان ، ملک اللہ داد ٹوانہ، پیر عابد شاہ گیلانی، ملک صفدر نور خیل، سید سہیل شاہ، ملک حارث علی ٹوانہ اور دیگر نے حاجی محمد حسنین کی قیادت میں پی پی پی میں شمولیت کا اعلان بھی کیا ۔ قبل ازیں تقریب میں آمد پر مہمان خصوصی جنرل سیکرٹری پی پی پی سرگودھا ڈویژن ملک حاجی ظل حسنین کا پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے پرتپاک استقبال بھی کیا گیا ۔

Back to top button