بسم اللہ الرحمن الرحیم

بین الاقوامی

ازبکستان کو کھانسی کازہریلا شربت برآمد کرنے والی بھارت کی ‘ماریون بائیوٹیک’کا پلانٹ بند کردیاگیا

شربت پینے سے ازبکستان میں 18بچے ہلاک ہو گئے تھے

ازبکستان میں بھارت کا تیار کردہ کھانسی کا شربت پینے سے 18بچوں کی ہلاکت کے بعد شربت تیار کرنے والی ماریون بائیوٹیک کا پلانٹ بند کر دیا گیا ہے۔ ریاست اتر پردیش میں واقع ماریون بائیوٹیک کا نوئیڈا پلانٹ جہاں ازبکستان کو بھجوایاجانیوالا کھانسی کا شربت Doc-1 Maxتیار کیاگیا تھا کو 18بچوں کی ہلاکت کے واقعے کے بعد بند کردیاگیا ہے۔

بھارتی وزیر صحت منسکھ منڈاویہ نے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ سینٹرل ڈرگس اسٹینڈرڈ کنٹرول آرگنائزیشن کی ایک ٹیم کی طرف سے ماریون بائیوٹیک کے مذکورہ پلانٹ کے معائنہ کے بعد پلانٹ کو  بند کردیاگیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعے کی مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ پلانٹ سے کھانسی کے شربت کے نمونے جمع کیے گئے ہیں اور انہیں لیبارٹری تجزیے کیلئے ریجنل ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری چنڈی گڑھ بھجوایا گیا ہے۔

ادھر ازبکستان کی وزارت صحت نے ایک بیان میں مودی حکومت واقعے کی تفصیلی تحقیقات کرنے اورکھانسی کا زہریلا شربت فراہم کرنے والی فارماسوٹیکل کمپنی ماریون بائیوٹیک کے خلاف سخت کارروائی کامطالبہ کیا ہے۔

Back to top button