بسم اللہ الرحمن الرحیم

علاقائی

“معلومات تک رسائی کے حق” کے عنوان پر دوروزہ تربیتی رکشاپ کا انعقاد

خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے) سی پی ڈی آئی کے زیر اہتمام “معلومات تک رسائی کے حق” کے عنوان پر دوروزہ تربیتی رکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں پنجاب بھر سے مختلف غیر سرکاری تنظیموں کے نمائندگان نے شرکت کی ۔ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے چیف انفارمیشن کمشنر پنجاب انفارمیشن کمیشن محبوب قادر شاہ نے شرکاء سے کہا کہ معلومات تک رسائی بارے قانون سازی میں سی پی ڈی آئی کا کردار فراموش نہیں کیا جاسکتا ہے اور پاکستان کے شہریوں کو یہ آئینی حق دلوانے میں اس ادارے کی کاوشیں قابل صد تحسین ہیں اور اب جبکہ پاکستان کے تمام شہریوں کا یہ آئینی حق ہے کہ وہ کسی بھی سرکاری ادارے سے کسی بھی قسم کی معلومات حاصل کر سکتے ہیں تو یہ اب ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ اس قانون کو استعمال میں لاکر میرے دست وبازو بنیں تاکہ ہم اداروں میں پائی جانیوالی خرابیوں کو ختم کرکے ان میں شفافیت کے فروغ کا باعث بنیں۔

انہوں نے اس موقع پر انفارمیشن کمیشن پنجاب کی کارکردگی کو تفصیل سے بیان کیا اور کہا کہ اگر انہیں معلومات نہیں ملتیں تو وہ ان سے رابطہ کریں ۔پنجاب انفارمیشن کمیشن معلومات فراہم نہ کرنیوالے افسران کیخلاف سخت ترین کاروائی کریگا۔ قبل ازیں سابق فیڈرل انفارمیشن کمشنر زاہد عبداللہ نےپاکستان میں بننے والے معلومات تک رسائی کے تمام قوانین بارے شرکاء کو تفصیلی طورپر آگاہ کیا اوراسکی قانون سازی کے دوران حائل روکاوٹوں بارے انہیں بتایا ان کا کہنا تھا کہ ان قوانین کو نہ صرف استعمال کریں بلکہ معلومات حاصل کرنے کے بعد ان مسائل کے حل کیلئے اجتماعی طو رپر آواز بلند کریں کیونکہ بہت سے مسائل صرف معلومات کے حصول کیساتھ جڑے ہوئے ہوتی ہیں اگر وہ معلومات شہریوں تک پہنچ جائیں تو انہیں ختم بھی کیا جاسکتا ہے۔اس موقع پر انہوں نے شرکاء سے ان کے علاقوں سے جڑے مختلف مسائل پر مبنی شکایات بھی تحریر کروائیں تاکہ متعلقہ اداروں کے سربراہان کو یہ درخواستیں بھجوائیں اور ان مسائل کے حل میں اپنا کردار اداکریں۔ اس موقع پر سول سوسائٹی کے نمائندگان نے عہد کیا کہ وہ سماجی ایشوز پر معلومات تک رسائی کے قوانین کا بھرپور استعمال کریں گےتاکہ شہریوں کے مسائل حل ہو سکیں۔

Back to top button