بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

قوم اے پی ایس شہدا کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کریگی، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 16 دسمبر دہشتگردی کے خلاف پورے پاکستان کے ایک آواز ہونے کا دن ہے۔سانحہ آرمی پبلک سکول (اے پی ایس) کی برسی کے موقع پر پیغام جاری کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہر سال 16 دسمبر کا دن پوری قوم کو اس کرب اور دکھ کی یاد دلاتا ہے جب دہشگردوں نے آرمی پبلک سکول پشاور میں ظلم کی داستان رقم کی۔

شہباز شریف نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ برسوں بعد بھی غم ہے کہ بھلایا نہیں جاتا، آج سانحہ آرمی پبلک سکول کے شہداء سے عقیدت اور ان کے لواحقین کا غم بانٹنےکا دن ہے، پاکستانی قوم اپنےشہیدوں کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کرے گی۔

وزیراعظم نے سوشل میڈیا پیغام میں کہا کہ 16 دسمبر دہشتگردی کے خلاف پورے پاکستان کے ایک آواز ہونے کا دن ہے، یہ دن پوری دنیا کے لیے پیغام ہے کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے عظیم قربانیاں دی ہیں، ہماری یہ جدوجہد جاری ہے جو اس عفریت کے مکمل خاتمے تک اسی آہنی ارادے اور ثابت قدمی سے جاری رہے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ 16 دسمبر کا دن آرمی پبلک سکول کے شہداء کی عظیم قربانیوں کی یاد ہمیشہ تازہ کرتا رہے گا، اے پی ایس کے شہداء کی لازوال قربانیوں کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔

چودھری پرویز الٰہی کا آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء کی برسی پر اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ شہدائے اے پی ایس نے پاکستانی قوم کو دہشت گردی کے خلاف متحد کیا، قوم آرمی پبلک سکول کے بچوں اوراساتذہ کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی، بچو ں نے اپنے قیمتی لہو سے محفوظ اورپرامن پاکستان کی بنیاد رکھی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ محفوظ اور پر امن پاکستان کی بنیادوں میں بچوں کا خون شامل ہے، ننھے پھولوں نے عظیم مقصد کیلئے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، شہید بچوں کی عظیم قربانیوں نے قوم کو نیا حوصلہ اورعزم دیا، شہید بچے اور اساتذہ پوری قوم کے ہیرو ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ سانحہ اے پی ایس ملکی تاریخ کا ایک غمناک ترین واقعہ ہے، سفاک دہشت گردوں نے معصوم بچوں کو حملہ کر کے شہید کیا، آٹھ برس بعد بھی سانحہ کا زخم تازہ ہے۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ شہداء نے قوم کو دہشت گردی اور مذہبی انتہا پسندی کے خلاف یکجا ہونے کی راہ دکھائی، قوم نے ملکر ملک سے دہشت گردی کو شکست دی، آج کا دن اے پی ایس شہداءکی عظیم قربانیوں کی ہمیشہ یاد دلاتا رہے گا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سانحہ میں شہید ہونے والے بچوں، والدین اور بہادر اساتذہ کو سلام اور خراج تحسین پیش کرتے ہیں، دعا ہے اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند اور اہلخانہ کو صبرِ جمیل عطا کرے۔(آمین)۔

Back to top button