بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

ہم عمران خان کو سیاسی مخالف سمجھتے ہیں، دشمن نہیں، رانا ثنا اللہ

وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنا نے عمران خان پر قاتلانہ حملے کی وجہ مذہبی انتہا پسندی کو قرار دے دیا۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنا اللّٰہ نے کہا کہ ہم عمران خان کو سیاسی مخالف سمجھتے ہیں، دشمن نہیں، بطور وزیر داخلہ پی ٹی آئی قیادت اور خان صاحب سے کہنا چاہتا ہوں کہ اپنے رویے کو بدلیں، امید ہے ہماری بات کو وہ ہوا میں نہیں اڑائیں گے اور اس پر توجہ دیں گے۔

رانا ثنا اللّٰہ نے کہا ہے کہ اب بھی ماحول بہتر ہو تو عیادت کے لیےجایا جاسکتا ہے، انہوں نے تو اس واقعے کا الزام ہی ہم پر رکھ دیا ہے، عیادت کے لیے جانا ابھی زیر غور ہے، وزیر اعظم اس پر فیصلہ کرسکتے ہیں۔

 جو راستہ آپ اختیار کررہے ہیں وہ تباہی کا راستہ ہے، جو بات کل اسد عمر نے عمران خان کا نام لے کر کی ہے وہ انتہائی قابل افسوس ہے۔رانا ثنا اللّٰہ نے کہا کہ وفاقی حکومت نے تجویز دی ہے کہ واقعے پر جے آئی ٹی بنائی جائے، پی ٹی آئی قیادت کو خطرات کی نشاندہی کرچکے ہیں کہ کنٹینر پر بلٹ پروف شیلڈ لگوائیں۔

رانا ثنا اللّٰہ نے کہا کہ کل کا واقعہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے، اس راستے پر بچت آپ کی بھی نہیں ہوگی۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ان لوگوں نے بغیر ثبوت کےالزام لگا دیا، ان کے لیڈر لوگوں کو ابھارتے اور اکساتے رہے، ان کے بعض رہنما اسلحہ لہرا کر للکارتے رہے، عمران خان اور ان کی دوسرے درجے کی قیادت کا رویہ انتہائی قابل افسوس اور قابل مذمت ہے۔

انہوں نے کہا کہ کل کے واقعے کا ملزم پولیس نے گرفتار کیا ہے جس کا گجرات کے ہی تھانے میں بیان رکارڈ ہوا ہے اور اس واقعے کی ابھی تک ایف آئی آر درج نہیں ہوئی، یہ لوگ شاید ایف آئی آر اپنی مرضی سے درج کروانے کی کوشش کررہے ہیں۔

رانا ثنا اللّٰہ نےکہا کہ ملزم کے بیان کی ایک قسط کل جاری ہوئی تھی، جس میں اس نےحملے کی 2 وجوہات بیان کیں، ملزم کے بیان کے بعد پنجاب حکومت اور وزیراعلیٰ پنجاب نے تھانے کے عملے کو معطل کردیا۔

انہوں نے کہا کہ تھانے کے عملے کو معطل کرنے کے بعد ملزم کے بیان کی دوسری قسط جاری ہوئی، یقیناً ملزم کے بیان کی دوسری وڈیو عمران خان نے بھی دیکھی ہوگی، ملزم جو الزام لگا رہا ہے وہ انتہائی خوفناک اور تشویشناک ہے، ہم نے اس وڈیو کو روکا لیکن یہ وڈیو میڈیا تک بھی پہنچی۔

رانا ثنا اللّٰہ نے کہا کہ مذہبی انتہا پسندی ہم بھگت رہے ہیں، اب سیاسی انتہا پسندی کا بیج بھی بویا جارہا ہے، ہم نے تحریری طور پر اور میڈیا کے ذریعے بھی پنجاب حکومت کو جے آئی ٹی بنانے کی تجویز دی ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ جب سے آپ کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک آئی تب سے آپ ادارے پر ہرقسم کا الزام لگا رہے ہیں، جو آپ کے منہ میں، جو جی میں آتا ہے آپ وہ الزامات ادارے پر لگا رہے ہیں۔

رانا ثنا اللّٰہ نے مزید کہا کہ ہم نے اس واقعے کی مذمت کی ہے اور عمران خان سمیت سب کی صحتیابی کے لیے دعا بھی کی ہے۔

رانا ثنا اللّٰہ نے کہا کہ لانگ مارچ کے دوران اب تک 4 ہلاکتیں ہوئی ہیں، جاں بحق صحافی صدف نعیم کے اہلخانہ کی وزیراعظم نے امداد کی، یہ امداد کسی کا نعم البدل تو نہیں ہے لیکن اظہار ہمدردی ہے، یہ امداد ان مرحومین کے خاندانوں کا کسی حد تک ازالہ کرسکے گی۔

Back to top button