بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

عمران خان پر حملہ، پی ٹی آئی کارکنان کے ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے

پی ٹی آئی کارکنان کا فیصل آباد میں رانا ثنا اللہ کے گھر کا گھیرائو،توڑ پھوڑ بھی کی


چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان پر قاتلانہ حملے کیخلاف ملک بھر میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔

لانگ مارچ پر ہونے والے حملے کے بعد ملک بھر میں پی ٹی آئی کارکن بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے، مظاہرین نے سڑکیں بلاک  کیں اور حکومت مخالف نعرے بازی کی۔

راولپنڈی، لاہور، کراچی، حیدر آباد، پشاور سمیت ملک کے کئی شہروں میں پی ٹی آئی لانگ مارچ پر حملے کے خلاف احتجاج  کیا۔

عمران خان کو گولی لگنے کے بعد پی ٹی آئی خواتین ورکرز پریس کلب کے باہر پہنچ گئیں، مظاہرین نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے باہر احتجاج کیا۔ کراچی میں شاہراہ فیصل  سمیت شیریں جناح کالونی اور سنگر چورنگی سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں  پی ٹی آئی کارکنوں کی طرف سے احتجاج کیا گیا،  احتجاج کے باعث شہرکے مختلف علاقوں میں ٹریفک جام رہا۔

راولپنڈی میں پی ٹی آئی مظاہرین فیض آباد انٹرچینج پہنچ گئے،مظاہرین کی جانب سے ٹائر جلا کر فیض آباد سے اسلام آباد جانے والی سڑک کو بلاک کر دیا گیا، مظاہرین کی جانب سے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ احتجاج کے باعث اسلام آباد جانے والی گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔ پی ٹی آئی کارکن مری روڈ پر بھی نکل آئے اور ٹائر جلا کر روڈ بند کردیا۔

لاہورمیں پی ٹی آئی کارکنوں  نے مختلف مقامات پر احتجاج  کیا،کارکنوں نے گورنر ہائوس چوک، دبئی چوک رائے ونڈ اور بھیکیوال چوک کو بھی ٹریفک کے لئے بند کردیا۔ لبرٹی چوک، شاہدرہ چوک, جی پی او چوک, شادمان چوک، بابو صابو چوک، شمع چوک اور شوکت خانم چوک میں بھی احتجاج کیا۔

مزید پڑھیے  14 مئی کو الیکشن ہوتے نظر نہیں آرہے، رانا ثنا اللہ

حیدرآباد میں تحریک انصاف کے کارکنوں نے لطیف آباد یونٹ نمبر ٹو میں انصاف ہاوس کے سامنے احتجاج کیا اور  نعرے بازی کی،مظاہرین کا کہنا تھا کہ ایک سازش کے تحت پرامن لانگ مارچ پر فائرنگ کروائی گئی۔

عمران خان کے قافلے پر حملے کے خلاف پی ٹی آئی کارکنان نے کلر سیداں میں احتجاج کرتے ہوئے راولپنڈی سے آزاد کشمیر جانے والی ہائی وے بلاک کر دی۔

ملتان میں بھی پی ٹی آئی کارکنوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی، مظاہرین نے احتجاجا ٹائر نذر آتش کئے اور روڈ بلاک کردی۔

پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان نے  واہ کینٹ شریف ہسپتال کے قریب بھی احتجاج کیا، مظاہرین نے ٹائر جلا کر سڑک بلاک کر دی۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پر حملے کے خلاف پی ٹی آئی کارکنوں نے فیصل آباد میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کے گھر کا گھیراو کرلیا۔ مشتعل کارکنوں نے رانا ثنا اللہ کے ڈیرے کے باہرلگا شیرکا مجسمہ اکھاڑ دیا اور ٹائروں کو آگ لگاکر سمندری روڈ ٹریفک کیلئے بند کردی۔ پی ٹی آئی کے مشتعل کارکنان رانا ثنا اللہ کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے، پولیس کی نفری وفاقی وزیرداخلہ کے گھرکی حفاظت کیلئے نہ پہنچ سکی۔ ملک بھر میں تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے عمران خان پر فائرنگ کے واقعے کے خلاف احتجاج کیا گیا۔

Back to top button