
عمران خان کے بیٹے جب چاہیں پاکستان آ سکتے ہیں، دونوں کے پاس نائیکوپ موجود ہے، خواجہ آصف
سلیمان اور قاسم خان کے نائیکوپ بالترتیب 2030 اور 2032 تک مؤثر ہیں، حکومت کی جانب سے ویزا نہ دینے کا تاثر غلط ہے، وزیر دفاع
وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے بیٹے سلیمان خان اور قاسم خان جب چاہیں پاکستان آ سکتے ہیں، دونوں کے پاس نائیکوپ (NICOP) موجود ہے اور انہیں پاکستان آنے کے لیے ویزے کی ضرورت نہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان کے دونوں بیٹے آخری مرتبہ 2022 میں نائیکوپ پر پاکستان آئے تھے اور آج بھی ان کے نائیکوپ کارڈز مؤثر ہیں، اس لیے وہ کسی بھی وقت پاکستان کا سفر کر سکتے ہیں۔
وزیر دفاع نے کہا کہ نائیکوپ رکھنے والے پاکستانی شہریوں کو پاکستان آنے کے لیے ویزا درکار نہیں ہوتا، لہٰذا یہ تاثر درست نہیں کہ حکومت عمران خان کے بیٹوں کو پاکستان آنے کے لیے ویزا جاری نہیں کر رہی۔
خواجہ آصف کے مطابق سلیمان خان کا نائیکوپ 6 جنوری 2030 تک جبکہ قاسم خان کا نائیکوپ 8 نومبر 2032 تک کارآمد ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے خاندان یا پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے یہ تاثر دینا کہ حکومت ان کے بیٹوں کو ویزا نہیں دے رہی، درست نہیں، کیونکہ دونوں کے پاس مؤثر نائیکوپ موجود ہیں اور وہ اس بنیاد پر پاکستان آ سکتے ہیں۔
دوسری جانب عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان اس سے قبل یہ مؤقف اختیار کر چکی ہیں کہ عمران خان کے بیٹوں میں سے ایک کا نائیکوپ گم ہوگیا ہے جبکہ دوسرے کا نائیکوپ انہیں مل نہیں رہا۔ حکومت اس سے قبل بھی عمران خان کے بیٹوں کو ویزا نہ دینے سے متعلق الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں پروپیگنڈا قرار دے چکی ہے۔















