بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

خیبرپختونخوا اسمبلی کے سامنے اساتذہ کے احتجاج پر پولیس کا لاٹھی چارج، شیلنگ، آج تمام پرائمری سکول بند کرنے کا اعلان

پشاور میں خیبرپختونخوا اسمبلی کے سامنے آل پرائمری ٹیچرز ایسوسی ایشن (ایپٹا) کے احتجاج پر پولیس کی شیلنگ اور ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں متعدد اساتذہ زخمی ہوگئے جبکہ اساتذہ نے  آج سکول بند کرنے کا اعلان کردیا۔

آل پرائمری ٹیچزر ایسوسی ایشن (ایپٹا) نے آج (7 اکتوبر) سے تمام پرائمری اسکول بند کرنے کا اعلان کردیا۔

ایپٹا کے صوبائی صدر عزیز اللہ نے کہا کہ پولیس نے معماران قوم کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

انہوں نے کہا کہ  احتجاج میں صرف مرد اساتذہ تھے جبکہ آج 7 اکتوبر  سے خواتین اساتذہ بھی دھرنے میں شریک ہوں گی۔

ایپٹا کے صدر نے کہا کہ انکوائری کی جائے کہ شیلنگ اور تشدد کا حکم کس نے دیا۔

ترجمان صوبائی حکومت بیرسٹر سیف نے اساتذہ پر تشدد پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ سب ٹھیک تھا، مظاہرے میں کوئی مسئلہ نہیں تھا، وزیر تعلیم کے ساتھ مذاکرات جاری تھے اور معاملات کافی حد تک طے پاگئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ اساتذہ کے رہنماؤں نے واپس جاکر دھرنا ختم کرنے کا اعلان کرنا تھا مگر اسی دوران پولیس کی طرف سے لاٹھی چارج شروع ہوگئی اور جب شیلنگ اور پتھراؤ ہوا تو معاملہ بگڑ گیا مگر شروعات کس جانب سے ہوئی اس پر مکمل انکوائری کی جائے گی۔

Back to top button