بسم اللہ الرحمن الرحیم

صحت

جڑواں شہروں میں ڈینگی مریضوں کی مجموعی تعداد پانچ ہزار ہو گئی

دارلحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد پانچ ہزار کے قریب ہے مگر وائرس مزید پھیلتا جا رہا ہے ۔
ذرائع کے مطابق جڑواں شہروں میں پچھلے 48 گھنٹوں میں ڈینگی کے 273 نئے کیس رپورٹ کیے گئے اور نو مریض جان کی بازی ہار گئے۔
ہفتہ اور اتوار کو ڈینگی کی شرح میں کمی دیکھنے کو ملی مگر پھر بھی پنڈی اور اسلام آباد کے تین بڑے ہسپتالوں میں 214 نئے مریض داخل ہوئے جن میں سے 172 کا ٹیسٹ پہلے ہی مثبت آ چکا ہے ، الائیڈ اسپتال میں زیر علاج چھ مریضوں کی حالت بھی تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔
ذرائع کے مطابق پچھلے دو دنوں میں ضلع راولپنڈی میں 156 نئے کیسز سامنے آئے اور ٹوٹل تعداد 2516 ہو گئی جن میں سے تین اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ۔
دارلحکومت اسلام آباد میں بھی 117 نئے کیسز سامنے آئے اور کل تعداد 2552 پر جا پہنچی۔ جن میں سے آٹھ جان گنوا بیٹھے ، ہلاک مریضوں میں چھ کا تعلق دیہی اور دو کا تعلق اسلام آباد کے شہری علاقوں سے ہے۔
ماضی کی رپورٹ کے مطابق یہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اکتوبر میں وائرس کی شرح میں اضافہ ہو سکتا ہے ۔ بہت سے ماہر امراض کا کہنا ہے کہ ڈینگی سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کرنا تمام شہریوں کی اولین ترجیح ہونی چاہیے ۔

Back to top button