بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

عدالتی فیصلے سے حصول انصاف کے لیے توقعات کو دھچکا لگا ہے،وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے سپریم کورٹ کی جانب سے پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ مسترد کرنے کے فیصلے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدالتی فیصلے سے حصول انصاف کے لیے توقعات کو دھچکا لگا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ‘ آئین نے ریاستی اختیار پارلیمنٹ، انتظامیہ اور عدلیہ کو تفویض کیے ہیں، آئین نے سب اداروں کو متعین حدود میں کام کرنے کا پابند کیا ہے’۔

انہوں نے کہا کہ ‘کوئی ادارہ کسی دوسرے کے اختیار میں مداخلت نہیں کرسکتا، آئین اور پارلیمنٹ کی بالادستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے’۔

وزیراعظم نے کہا کہ ‘عدلیہ کی ساکھ کا تقاضا اور قرین انصاف یہی تھا کہ فل کورٹ تشکیل دیا جاتا تاکہ انصاف نہ صرف ہوتا بلکہ ہوتا ہوا نظر بھی آتا لیکن عدالتی فیصلے سے قانون دان برادری، سائلین، میڈیا اور عوام کی حصول انصاف کے لیے توقعات کو دھچکا لگا ہے’۔

Back to top button