بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

جلتے آئل ٹینکر کو آبادی سے دور لیجانے والا بہادر ڈرائیور اسلام آباد طلب، وزیراعلیٰ بلوچستان کی جانب سے بھی 5 لاکھ روپے انعام کا اعلان

بلوچستان کے دارالحکومت میں کئی لوگوں کی جانیں بچانے والے آئل ٹینکر ڈرائیور کی وزیر اعظم شہباز شریف نے تعریف کی ہے وزیراعظم نے محمد فیصل کے بہادرانہ عمل کو سراہتے ہوئے انہیں ایوارڈ دینے کے لیے وفاقی دارالحکومت آنے کی دعوت دی۔وزیراعظم شہباز شریف نے سٹرٹیجک ریفرم کے سربراہ سلمان صوفی کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر ڈرائیور محمد فیصل سے رابطہ کرکے انہیں اسلام آباد آنے کی دعوت دیں

منگل کو کوئٹہ کے علاقے سریاب میں ٹینکر سے پیٹرول پمپ منتقل کرتے ہوئے اس میں آگ بھڑک اٹھی تو ڈرائیور محمد فیصل کے پاس دو ہی راستے تھے: یا تو وہ سب سے پہلے اپنی جان بچانے کی کوشش کریں اور ٹینکر سے دور چلے جائیں، یا پھر ٹینکر چلانے میں اپنی مہارت کو لوگوں کی جانیں بچانے کے لیے استعمال کریں اور اسے چلا کر آبادی سے دور لے جائیں۔

اُنھوں نے دوسرے راستے کا انتخاب کیا اور اس حادثے کو ممکنہ طور پر ایک بڑے سانحے میں بدلنے سے روکنے میں کامیاب ہو گئے۔

اب محمد فیصل کے لیے وزیرِ اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے بہادری پر پانچ لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔

محمد فیصل کہتے ہیں کہ ’آگ میں لپٹے آئل ٹینکر کو آبادی سے دور لے جانے کی ہر ساعت کو زندگی کا آخری لمحہ سمجھتا رہا مگر زندگی باقی تھی اس لیے موت کے قریب ہونے کے باوجود بچ گیا۔‘

وہ اپنی جان کو خطرے میں ڈال کر آگ لگنے کے باوجود پیٹرول سے بھرے آئل ٹینکر کو تین کلومیٹر دور تک لے جانے میں کامیاب رہے۔

Back to top button