بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

سینیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر اپوزیشن کا احتجاج، چیئرمین کی سخت وارننگ

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے سینیٹ اجلاس کے دوران احتجاج کرنے والے اراکین کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی رکن اپنی بینچ سے دوسری بینچ کے سامنے گیا تو اسے معطل کر دوں گا۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی صدارت ہونے والے سینیٹ اجلاس میں اپوزیشن کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر شدید احتجاج اور شور شرابہ کیا گیا۔

اپوزیشن ارکان چیئرمین سینیٹ کی ڈائس کے سامنے پہنچ گئے اور ایوان میں اپوزیشن اراکین کی جانب سے امپورٹڈ حکومت نامنظور کے نعرے لگائے گئے۔

اپوزیشن کے احتجاج کے باعث سینیٹ کے سکیورٹی اسٹاف کو چیئرمین سینیٹ کے سامنے سکیورٹی حصار قائم کرنا پڑا۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ ممبران اپنی نشستوں پر جاکر احتجاج کریں، ممبران اپنی نشستوں پر نہ گئے تو انہیں معطل کر دوں گا۔

صادق سنجرانی نے پی ٹی آئی کے سینیٹر فیصل جاوید خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ نے نعرے لگائے تو آپ کی ممبرشپ معطل کراؤں گا، میری یہ بات بہرہ مند خان تنگی بھی سن لیں۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی وارننگ کے بعد اپوزیشن ارکان واپس اپنی نشستوں پر آگئے۔

Back to top button