بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

بلیغ الرحمان نے گورنر پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

بلیغ الرحمان سے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے حلف لیا

 بلیغ الرحمان نے گورنر پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھا لیا،حلف برداری کی تقریب گورنر ہاوس میں ہوئی، بلیغ الرحمان سے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ امیر بھٹی نے حلف لیا۔ تقریب حلف برداری میں وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز بھی موجود تھے، اس سے قبل صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے محمد بلیغ الرحمن کی بطور گورنر پنجاب تعیناتی کی منظوری دے دی تھی۔

صدر مملکت کے دفتر کی جانب سے ٹوئٹ میں کہا گیا کہ عارف علوی نے آئین کے آرٹیکل 101 (1) کے تحت وزیر اعظم شہباز شریف کے مشورے پر تقرر کی منظوری دی۔

یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو بلیغ الرحمان کو گورنر پنجاب بنانے کی سفارش کی تھی تاہم صدر مملکت نے وزیراعظم کی پہلی سمری مسترد کر دی تھی۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے بلیغ الرحمان کو گورنر پنجاب بنانے کی دوسری سمری ایک ہفتہ قبل صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو ارسال کی تھی۔

اس سے قبل، رواں ماہ 7 مئی کو وزیراعظم شہباز شریف کی ایڈوائس پر پاکستان مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے بلیغ الرحمن کا نام گورنر پنجاب کے لیے صدر مملکت کو ارسال کیا گیا تھا، تاہم صدر مملکت نے وزیراعظم کی ارسال کی گئی سمری کو مسترد کر دیا تھا۔صدر مملکت نے کا کہنا تھا کہ عمر سرفراز چیمہ اب بھی گورنر پنجاب کے عہدے پر فائز ہیں، نئی تقرری کا کوئی جواز نہیں، آئین کے آرٹیکل 101 (2) کے تحت گورنر صدر کی خوشنودی تک عہدے پر فائز رہے گا، موجودہ ملکی حالات کا تقاضا ہے کہ موجودہ گورنر اپنے عہدے پر برقرار رہیں۔لہذا وزیراعظم شہباز شریف آئین کے آرٹیکل 48 (1) کے مطابق گورنر پنجاب کی تقرری کے حوالے سے اپنی ایڈوائس پر نظرثانی کریں۔

Back to top button