بسم اللہ الرحمن الرحیم

علاقائی

فیصل آباد، ابتدائی طور پر 51 مقامات پر ”ہیٹ سٹروک رسپانس کیمپس” قائم

 پنجاب حکومت کی ہدایات اور ضلعی انتظامیہ کی تحریک پر ضلع بھر میں ابتدائی طور پر 51 مقامات پر ”ہیٹ سٹروک رسپانس کیمپس” قائم کردیئے ہیں جہاں موجودہ گرمی کی شدید لہر کے پیش نظر ہیٹ ویوو کے ممکنہ متاثرہ مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ تحصیل سٹی میں یہ کیمپس ریلوے اسٹیشن، چوک گھنٹہ گھر،سٹی ٹرانسپورٹ ٹرمینل اور جنرل بس سٹینڈ میں قائم کئے گئے ہیں۔ تحصیل صدر میں امین پور بنگلہ،اڈا ڈجکوٹ،اڈا پینسرہ،تحصیل جڑانوالہ میں جی ٹی ایس اڈا،اڈا کھرڑیانوالہ،ستیانہ بنگلہ،تحصیل چک جھمرہ میں موچی بازار،تحصیل تاندلیانوالہ میں اتفاق ٹریولز،ماموں کانجن،گڑھ فتح شاہ اور تحصیل سمندری میں چوک گھنٹہ گھر،ضیاء مارکیٹ اوراڈا مرید والا میں لگادیئے گئے ہیں۔

اسی طرح ضلع کے 6 تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں گورنمنٹ جنرل ہسپتال سمن آباد،گورنمنٹ جنرل ہسپتال حسیب شہیدکالونی،تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال سمندری،تاندلیانوالہ،چک جھمرہ اور تاندلیانوالہ،ضلع کے ”17” رورل ہیلتھ سنٹرزاور ریسکیو 1122 کے زیر انتظام 9 سنٹرزجی ٹی ایس چوک، سرگودھا روڈ، کھرڑیانوالہ، جڑانوالہ روڈ، جھنگ روڈاور چاروں تحصیلوں سمندری، جڑانوالہ، تاندلیانوالہ اورچک جھمرہ کے ریسکیو 1122 دفاتر، الائیڈ ہسپتال اور ڈی ایچ کیو میں ہیٹ سٹروک رسپانس کیمپس قائم ہیں۔

اسسٹنٹ کمشنر سٹی صاحبزادہ محمد یوسف اور سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر بلال احمد نے کیمپس کا دورہ کیا اور طبی انتظامات چیک کئے۔ انہوں نے بتایا کہ کیمپس پر تمام تر طبی انتظامات چوکس ہیں۔ دریں اثناء ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے شہریوں کو گرمی کی موجودہ شدید لہرمیں ہیٹ سٹروک کے خدشات سے محفوظ رہنے کے لئے خصوصی احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا ہونے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام الناس باہر کے کام صبح سویرے نمٹا لیں، ڈھیلے ڈھالے ہلکے رنگ کے کپڑے پہنیں،بلا ضرورت گھر سے باہر نہ نکلیں،سایہ دار اور کھلی ہوادار جگہ پر آرام کریں۔

Back to top button