بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

جو پہلے عدم اعتماد کو نہیں مانتے تھے، اب مان رہے ہیں،بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان میں ہمت ہے تو اسمبلی توڑ دیں۔

ملتان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پہلے دن سے کٹھ پتلی کا مقابلہ کرتے رہے ہیں، پہلے دن سے اس وزیراعظم کو سلیکٹڈ پکار کر بےنقاب کیا۔

 بلاول بھٹو نے کہا کہ ہر ضمنی انتخاب میں عمران خان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، کچھ دوستوں کا خیال تھا سینیٹ الیکشن سے بھی بھاگ جائیں، پیپلز پارٹی نے عمران خان کے لیے کھلا میدان چھوڑنے نہیں دیا، یوسف رضا  گیلانی کو میدان میں اتار کر وزیراعظم کو گھر میں گھس کر شکست دلوائی۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ مارچ بہت دور ہے، آج غربت اور بے روزگاری عروج پر ہے، عوام کا اعتماد اٹھ چکا، اب پارلیمان کا اعتماد اٹھنا چاہیے، جو پہلے عدم اعتماد کو نہیں مانتے تھے، اب مان رہے ہیں، آگے چل کر مزید دوست عدم اعتماد کا مطالبہ مانیں گے۔

 بلاول بھٹو نے کہا کہ اسلام آباد جائیں گے، مارچ شروع ہونے سے پہلے ہی ان کی وکٹیں گرنا شروع ہوگئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر یقین ہے عوام آپ کو ووٹ دیں گے تو کیوں ڈرتے ہیں الیکشن سے، بزدل ہے وزیراعظم، اپنے امیدوار کو نااہل کرکے بھاگ رہا ہے، بلدیاتی اتنخاب کا پہلا مرحلہ ہارا تھا، دوسرا بھی ہارے گا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ تین سال بعد بھی عمران خان کرپشن کرپشن کی رٹ لگا رہے ہیں، ماضی میں ہم پر کرپشن کے الزامات لگانے والے الزام ثابت نہیں کرسکے۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ جنہوں نے ہم پر الزامات لگائے خود سزا یافتہ ہوچکے، ہمارا ساتھ دیں، نااہل سے حساب لینے تک ہم حملہ کرتے رہیں گے۔

Back to top button