بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

اسلام آباد، خیبرپختونخوا میں زلزلے کے شدید جھٹکے

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں 5اعشاریہ 6 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تاہم کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

پاکستان میٹرولوجیکل ڈپارٹمنٹ (پی ایم ڈی) کے مطابق زلزلے کا مرکز ہندوکش افغانستان تھا اور شدت 5 اعشاریہ 6 اور گہرائی 100 کلومیٹر تھی۔

بیان کے مطابق ملک کے مختلف شہروں مانسہرہ، ہری پور، ایبٹ آباد اور ہزارہ ڈویژن کے دیگر اضلاع میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

خیبرپختونخوا کے علاقے بالاکوٹ، بٹگرام، تورغر میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور گردونواح میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

پی ایم ڈی کے مطابق خیبرپخونخوا کے اضلاع سوات، مالاکنڈ، دیر اور شانگلہ میں زلزلے کے جھٹکے زلزلے کی شدت 5.5ریکارڈ کی گئی۔

خیال رہے کہ یکم جنوری کو بھی خیبرپختونخوا میں پشاور سمیت اکثر اضلاع میں 5.3 شدت زلزلے کےشدید جھٹکے محسوس کیے گئے تھے تاہم کسی قسم کے جانی اور مالی نقصان کی رپورٹ موصول نہیں ہوئی تھی۔

پی ایم ڈی کے مطابق شام کے وقت آنے والے زلزلے کا مرکز افغانستان اور تاجکستان کی سرحد تھی اور شدت 5.3، گہرائی 180 کلومیٹر تھی۔

صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ (پی ڈی ایم اے) نے کہا تھا کہ پشاور، سوات، چترال، دیر، مردان، نوشہرہ، شبقدر، مہمند، باجوڑ اور دیگر اضلاع میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جہاں شہری خوف کے عالم میں گھروں سے باہر نکل آئے۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس فروری میں پشاور سمیت پاکستان کے دیگر علاقوں میں 6.4 شدت کا زلزلہ آیا تھا اور خوش قسمتی سے کسی قسم کا نقصان نہیں ہوا تھا۔

Back to top button