بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پاک افغان سرحد پر باڑ کا مسئلہ سفارتی ذریعے سے حل کرایا جائیگا،طالبان

افغانستان میں طالبان حکومت نے پاک ۔ افغان سرحد پر باڑ لگانے کے حوالے سے کہا ہے کہ اس مسئلے کو سفارتی ذریعے سے حل کرلیا جائے گا۔

پیر کے روز پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایک پریس کانفرنس کے دوران اس بات کو تسلیم کیا تھا کہ پاک ۔ افغان سرحد پر باڑ لگانے میں کچھ مسائل کا سامنا ہے اور اس پر طالبان حکومت کے ساتھ بات چیت جاری ہے, انہوں نے اس قسم کے واقعات کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنے پر ’کچھ شرپسندوں‘ کو مورد الزام ٹھہرایا تھا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں طالبان کی وزارت خارجہ کے ترجمان عبد القہار بلخی کا کہنا تھا کہ ’حالیہ دنوں میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان ڈیورنڈ لائن پر کچھ واقعات پیش آئے ہیں جن کی وجہ سے اس بات کی ضرورت پیدا ہوگئی ہے کہ دونوں جانب سے حکام اس معاملے کو حل کریں‘۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ طالبان حکومت معاملات کو ’اچھے ہمسائیوں‘ کی طرح ’افہام و تفہیم اور بات چیت‘ کے ساتھ حل کرنے پر یقین رکھتی ہے اور اس معاملے کو سفارتی ذریعے سے حل کرے گی۔

Back to top button