بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں ایک روپیہ کی کمی

 پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 156.09پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ،100انڈیکس 44416.20پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا

ملک بھر میں مسلسل بڑھنے والی امریکی ڈالر کی قدر کو بریک لگ گئی، روپیہ کی قدر میں بڑی بحالی ہوئی ہے جبکہ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ایک مرتبہ پھر اتار چڑھا کے بعد تیزی ریکارڈ کی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق مسلسل بڑھنے والی امریکی ڈالر کی قدر میں کمی آ گئی، اوپن مارکیٹ میں امریکی کرنسی کی قیمت میں ایک روپیہ کی بڑی کمی ریکارڈ کی گئی اور نئی قیمت 179روپے 30پیسے ہو گئی ہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے چوتھے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت 73پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی اور قیمت 178روپے 24 پیسے سے کم ہو کر 177روپے 51 پیسے ہو گئی ہے۔

دوسری طرف پاکستان سٹاک مارکیٹ میں اتار چڑھائو کے بعد 156.09پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی اور 100انڈیکس 44416.20پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا اور پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.35فیصد کی بہتری دیکھی گئی جبکہ 12کروڑ 12لاکھ 76ہزار 957شیئرز کا لین دین ہوا جس کے باعث سرمایہ کاروں کو اربوں روپے کا فائدہ ہوا۔

Back to top button