بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پاکستان میں دو اطراف انتہا پسند ہیں،فواد چوہدری

 وفاقی وزیر برائے اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ افغانستان کی انتہا پسندی پاکستان کے لیے خطرہ ہے۔

فواد چوہدری کا ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان میں دو اطراف انتہا پسند ہیں، دائیں اور بائیں، افغانستان میں خواتین اکیلے سفر کر سکتی ہیں اور نا ہی لڑکیاں اسکول جا سکتی ہیں جبکہ بھارت میں نریندر مودی اور بی جے پی نے مسلمانوں کا جینا دوبھر کر رکھا ہے، بھارت میں مسلمانوں کی کوئی داد رسی نہیں ہے، بھارت مذہب کے نام پر دہشت گردی پھیلا رہا ہے۔

افغانستان کی انتہا پسندی کو پاکستان کیلئے خطرہ قرار دیتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بیرون اور عالمی چیلنجز تو درپیش ہوتے ہی رہتے ہیں لیکن اس وقت پاکستان کو سب سے بڑا چیلنج قائدعظم کے پاکستان کو واپس لانا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ رواں سال اسلام آباد میں قائد اعظم کا یوم پیدائش شان و شوکت سے منایا، قائد اعظم کا رہن سہن دیکھیں، وہ بہت ماڈرن آدمی تھے، عمران خان جس پاکستان کی بات کرتے ہیں وہ قائداعظم کا پاکستان ہے، ایسی تحریک شروع کرنی ہے کہ قائداعظم کا پیغام عام آدمی تک پہنچایا جائے۔

سیالکوٹ میں رونما ہونے والے افسوسناک سانحے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا سیالکوٹ میں جو واقعہ ہوا تو اس پر پورا پاکستان اکٹھا ہو گیا اور سب نے اس کی مذمت کی، پاکستان کے قیام کا مقصد ہی اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ تھا۔

Back to top button