بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

سیالکوٹ واقعہ،پریانتھا کمارا کیس میں زیر حراست 64ملزمان رہا

سیالکوٹ میں مشتعل افراد کے ہاتھوں بے دردی سے قتل ہونے والے سری لنکن فیکٹری منیجر پریانتھا کمارا سے متعلق کیس میں زیر حراست 64 ملزمان کو رہا کر دیا گیا۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق سی سی ٹی وی ویڈیوز کا جائزہ لینے کے بعد 149 زیر حراست ملزمان میں سے 64 کو رہا کر دیا گیا ہے۔

پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ رہا کیے گئے افراد سی سی ٹی وی ویڈیو میں بھاگتے ہوئے دیکھائی دیے تھے۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق اس وقت 85 ملزمان سے تفتیش کی جا رہی ہے، تمام 85 ملزمان کا فارنزک ٹیسٹ مکمل ہو گیا ہے اور ملزمان جسمانی ریمانڈ پر ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ 28 دسمبر کو 18 ملزمان کو دوبارہ گوجرانوالہ کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا جائے گا جبکہ 67 ملزمان کو جسمانی ریمانڈ کے لیے 3 جنوری کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

دوسری جانب  چیئرمین صادق  سنجرانی کی  زیر  صدارت ہونے والے سینیٹ اجلاس میں آج پریانتھا  کمارا کے قتل کے حوالے سے مذمتی قرار  داد بھی منظور کی گئی اور ملزمان  کو قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ  کیا گیا۔

Back to top button