بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے لیے حلقہ بندیوں کا عمل مؤخر

 الیکشن کمیشن آف پاکستان(ای سی پی) نے وزیر اعلیٰ سندھ کی درخواست پر صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے لیے حلقہ بندیوں کا عمل مؤخر کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

 رپورٹ میں ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات کے حوالے سے بتایا گیا کہ گزشتہ روز وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا سے ملاقات کی اور اتفاق رائے کے ذریعے قانون سازی کے لیے 2 ہفتوں کی مہلت طلب کی۔

اس ملاقات میں سندھ سے الیکشن کمیشن کے رکن شاہ محمد جتوئی اور کمیشن کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے جبکہ بلوچستان سے کمیشن کے رکن شریک نہ ہوسکے۔

کمیشن نے درخواست پر سنجیدگی سے غور کرنے کی یقین دہانی کروائی تاہم ذرائع کے مطابق درخواست کو منظور کرنے کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ سندھ میں حلقہ بندیوں کا مرحلہ اب عملی طور پر یکم جنوری سے ہی شروع ہوسکے گا۔

یہ پیشرفت گورنر سندھ عمران اسماعیل کی جانب سے سندھ لوکل گورنمنٹ بل کی منظوری دینے سے انکار اور اسے نظر ثانی کے لیے واپس سندھ اسمبلی کو بھیجنے کے بعد ہوئی۔ گورنر سندھ نے ایک نجی نیوز چینل پر بل واپس سندھ اسمبلی کو بھیجنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ بل ایک بے اختیار نظام بنانے کے لیے تھا جو ایک ڈمی میئر کے ذریعے چلایا جاتا۔

تاہم اب وزیر اعلیٰ سندھ کی درخواست کے بعد معلوم ہوتا ہے کہ سندھ حکومت بل میں ترامیم کرنے کے لیے تیار ہے تاکہ اسے سب کے لیے قابل قبول بنایا جاسکے۔

Back to top button