بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

کور کمانڈرز کانفرنس میں سیالکوٹ واقعے کا نوٹس

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرصدارت ہونے والے کور کمانڈرز کانفرنس میں سیالکوٹ واقعے کا نوٹس لے لیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کی سربراہی میں 245 ویں کورکمانڈرزکانفرنس ہوئی جس میں ملکی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ کورکمانڈرز کانفرنس میں سیالکوٹ میں ہونے والے گھناؤنے واقعے کا نوٹس لیا گیا اور شرکا نے اتفاق کیا کہ سیالکوٹ جیسے واقعے کے ذمہ دار عناصر کے خلاف زیرو ٹالرینس ہونی چاہیے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکا نے اتفاق کیا کہ سیالکوٹ جیسے واقعات پر زیرو ٹالرنس سے ملک میں انتہا پسندی اور دہشت گردی ختم کی جا سکتی ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کانفرنس میں آرمی چیف نے سرحدوں کے حوالےسے لیے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہاکہ خطرات سے نمٹنے کیلئے ملکی سرحدوں کی کڑی نگرانی کی جائے۔

آرمی چیف کا کہنا تھاکہ مستقبل کے میدان جنگ ٹیکنالوجی سے لیس ہیں، ان چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تربیت اور ڈاکٹرائن کا غیر جانبدارانہ جائزہ ضروری ہے۔

افغانستان کے حوالے سے آرمی چیف کا کہنا تھاکہ افغانستان میں انسانی المیے سے بچنے کیلئے لگاتار امداد ناگزیر ہے، افغانستان کیلئےعالمی مدد نہ صرف افغانستان بلکہ خطے کے استحکام کیلئے ضروری ہے۔

خیال رہے کہ سیالکوٹ واقعے کی صدرمملکت، وزیراعظم اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے افسوس کا اظہار کیا تھا۔

Back to top button