بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

کالعدم تحریک لبیک کوعسکریت پسند کے طورپر ٹریٹ کرنے کافیصلہ

ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنا کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، چوہدری فواد حسین

  • صبر کی کوئی حدہوتی ہے، کالعدم تنظیم مذہبی جماعت نہیں بلکہ عسکریت پسند گروپ ہے
  • سیاسی مقاصد کیلئے تشدد کا راستہ اختیار نہیں کرنے دیں گے
  • پولیس والوں کو مارنا سیاسی کارکنوں کاکام نہیں
  • دیگر ریاستی ادارے بھی ٹی ایل پی سے متعلق اپنے فیصلوں پر نظرثانی کریں، یہ ریاست کی عزت کا سوال ہے
  • جھوٹی خبروں کو برداشت نہیں کیا جائے گا
  • وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کی کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنا کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، صبر کی کوئی حدہوتی ہے، کالعدم تنظیم مذہبی جماعت نہیں بلکہ عسکریت پسند گروپ ہے،سیاسی مقاصد کیلئے تشدد کا راستہ اختیار نہیں کرنے دیں گے ،پولیس والوں کو مارنا سیاسی کارکنوں کاکام نہیں دیگر ریاستی ادارے بھی ٹی ایل پی سے متعلق اپنے فیصلوں پر نظرثانی کریں، یہ ریاست کی عزت کا سوال ہے،جھوٹی خبروں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے  ہوئے چوہدری فواد حسین نے کہاکہ تحریک لبیک مذہبی نہیں ایک عسکریت پسند گروپ ہے ۔ کابینہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ریاست کی رٹ کو چیلنج  کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی اور کسی کو طاقت کے زور پر اپنا ایجنڈا مسلط کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ریاست کے صبر کی حد ہوتی ہے۔کالعدم ٹی ایل پی بہانے بہانے سے دھرنا دینے کی عادی بن چکی ہے ۔ پچھلی دفعہ 6 پولیس والے شہید کیے گئے 700 سے زیادہ زخمی ہوئے اب 3پولیس اہلکار شہید اور 49 زخمی کیے گئے  ہیں پچھلے دنوں 27 کلاشنکوف بردار سادھو کی میں تحریک میں شامل کیے گئے ہیں۔ ہم کتنی دیر ان کا لحاظ کریں گے کسی کو جرأت نہیں کہ ریاست کو بلیک میل کرسکے۔ ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنا کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ گزشتہ روز وزیراعظم کی صدارت میں جو اجلا س ہوا اس میں پاک فوج انٹیلی جنس اداروں اور تمام متعلقہ حکام نے شرکت کی اور فیصلہ کیا گیا کہ کالعدم تحریک لبیک کوعسکریت پسند کے طورپر ٹریٹ کیا جائے گا ان کو ہم قطعی طورپر ساسی جماعت کے طورپر ٹریٹ نہیں کریں گے باقی اداروں کو بھی اپنی ذمہ داری ادا کرنی چاہیے۔ انشاء اللہ جس طرح باقی دہشت گرد گروپوں کا خاتمہ ہوا ہے ان کے معاملے کو بھی اسی طریقے سے دیکھا جائے گا۔ وزیراعظم نے وزیر داخلہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ کالعدم تحریک لبیک کی سرگرمیوں کو لمحہ بہ لمحہ آگاہ کریں جو لوگ سوشل میڈیا پر جھوٹی خبریں پھیلا رہے ہیں وہ بھی اپنے رویوں پر نظرثانی کریں ان میں کچھ لوگ میڈیا کے بھی ہیں ہم ایسی جھوٹی خبروں کو بالکل برداشت نہیں کریں گے۔ ٹی ایل پی کو ہندوستان اور کچھ دیگر ملکوں سے سوشل میڈیا کی مدد مل رہی ہے ہم ان ملکوں سے بھی رابطہ کررہے ہیں کہ ان کو وہاں سے نکالا جائے۔

وزیراطلاعات نے کہاکہ  کابینہ اجلاس میں پہلا معاملہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین  سے شروع ہوا۔ الیکشن کمیشن کو خط لکھ رہے ہیں کہ لاہور میں آئندہ ہونے والے الیکشن کو ای وی ایم پر کرایا جائے۔ فیڈرل چیمبر آف کامرس اور کے پی ٹی کا الیکشن بھی ای وی ایم پر کرانے کی تجویز ہے ۔

کابینہ کو اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا تقابلی جائزہ پیش کیا گیا ۔ پاکستان ابھی بھی اس خطے میں سب سے سستا ملک ہے۔

وزارت نیشنل فوڈ سیکورٹی نے کابینہ کو زراعت کے شعبے میں جدت لانے اجارہ داری کو ختم کرنے کے اقدامات پر بریفنگ دی ۔ گندم کی امدادی قیمت کا فیصلہ پیر تک موخر کیا گیا ہے۔چھوٹے کاشتکاروں کو جدید فارمنگ کی طرف لایا جارہا ہے ان کو مراعات فراہم کررہے ہیں۔ وفاقی کابینہ نے قومی ہوا بازی پالیسی پر عملدرآمد کا جائزہ لیا ۔ کابینہ نے ایکسپو ڈویلپمنٹ فنڈ کے بورڈ میں ایک سال کی مدت کیلئے ممبران تعینات کرنے کی منظوری دی ہے۔

سی ایس ایس کے مقابلے کے امتحان کو مزید موثر بنانے کیلئے سی ایس ایس امتحان سے قبل ایک سکریننگ ٹیسٹ لینے کی منظوری دی گئی ہے۔

کابینہ نے 31  بیرونی ممالک کے ساتھ فوجداری اور سنگین جرائم میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرنے کیلئے باہمی  اشتراک کی درخواستوں کی منظوری دی ہے۔

اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموشن لائسنسز کی منظوری کے خلاف  اپیلوں کی سماعت کیلئے قائم کمیٹی  کی سفارشات منظور کرلی گئی ہیں ندیم احمد باجوہ کو انٹر اسٹیٹ گیس سسٹم پرائیویٹ لمیٹڈ کا تین سال کیلئے منیجنگ ڈائریکٹر مقرر کیا گیا ہے۔عابد مستی خیل کو  سینڈک مینرلز لمیٹڈ کے بورڈ کا ڈائریکٹر نامزد کیا گیا ہے۔ کابینہ نے وفاقی وزیر توانائی کا نیشنل انرجی ایفیشی ایکنسو کنزرویشن اتھارٹی کے بورڈ اور پرائیویٹ پاور انفراسٹریکچرل بورڈ کی صدارت سے استعفے دینے کی منظوری دی ہے۔ اطلاق16 ستمبر2021 سے ہوگا۔ توانائی ڈویژن نے کابینہ کو وزارت توانائی  کی زیر نگرانی سی اوز اور منیجنگ ڈائریکٹر کی خالی اسامیوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔کابینہ نے ہدایت کی ہے کہ ان کی میرٹ پر تعیناتی کو یقینی بنایا جائے، ریلوے پولیس کی ریلوے لائن کی حفاظت اور تخریب کاروں کے خلاف کارروائی کی اجازت کیلئے ایک قانون کی منظوری دی گئی ۔

کابینہ نے درآمد کنندگان کی سہولت کیلئے کسٹم ویئر ہائوسز میں موجودہ مال پر 30 دنوں کی مہلت کی منظوری دی ہے۔ اور کسٹم ویئر ہائوسز میں موجودہ مال پر جرمانہ نہیں ہوگا، کابینہ نے نیلم جہلم ہائیڈروپاورکمپنی کے بورڈ پر خودمختار ڈائریکٹرز تعینات کرنے کی منظوری دی ہے۔کیبنٹ کمیٹی برائے انرجی کے 8 اکتوبر 2021 کے اجلاس  میں لیے گئے فیصلوں کی توثیق کی گئی ہے۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 11اکتوبر 2021 کے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق کی گئی ہے۔

آئی ٹی سیکٹر کے لئے مزید مراعات کا اعلان کیا گیا ہے۔ کابینہ کمیٹی برائے قانون کے 21 اکتوبر 2021 کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق کی گئی ہے۔

کابینہ نے اسلام آباد کیپیٹل ٹیری ٹری لوکل گورنمنٹ2021 کا مسودہ کابینہ کی کمیٹی برائے قانون میں پیش کرنے کی منظوری دی ہے۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو6مہینوں یا منتخب امیدوار کی تعیناتی تک بطور ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کا اضافی چارج دیا گیا ہے۔ سکوک بانڈ سے حاصل زرمبادلہ کو ٹیکس کٹوتی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔کابینہ نے چین کی وزارت کامرس اور پاکستان کی تخفیف غربت ڈویژن کے درمیان مفاہمتی یاداشت پر دستخط کی منظوری دی ہے۔

کالعدم تحریک لبیک کے احتجاج کے خلاف سب سے پہلے پولیس رینجرز اور پاک فوج بھی دستیاب ہوگی۔ تینوں کا مشترکہ آپریشن ہوگا۔

اکرم چیمہ کی گرفتاری پر کابینہ نے تشویش کا اظہار کیا ۔ امید ہے چیف جسٹس سپریم کورٹ اس کا نوٹس لیں گے۔

Back to top button