بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، انگلش ٹیم نے بنگلہ دیش کو دھول چٹا دی

آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر 12 مرحلے میں انگلینڈ نے بنگلادیش کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔ 

ابوظبی میں کھیلے جارہے اس میچ میں بنگلادیش کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو ان کے لیے کارگر ثابت نہ ہوسکا۔

انگلینڈ کے بولرز نے بھی اپنے گزشتہ میچ کی شاندار بولنگ پرفارمنس کو برقرار رکھتے ہوئے بنگلادیشی بیٹرز کو کھل کر کھیلنے نہ دیا۔

لٹن داس، محمد نعیم اور شکیب الحسن جیسے نامور کھلاڑی دُہرا ہندسہ بھی حاصل نہ کرسکے۔

پہلے مشفق الرحیم کے 29 اور کپتان محمود اللّٰہ کے 19 اور پھر اس کے بعد نسم احمد کے 19، نور الحسن کے 16 اور مہدی حسن کے 11 رنز کی بدولت بنگال ٹائیگرز مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز ہی بناسکے۔

انگلینڈ کی جانب سے ٹیمل ملز نے 3 جبکہ معین علی اور لیام لونگسٹن نے 2، 2 اور کرس ووکس نے ایک وکٹ لی۔

بنگلادیش کی جانب سے دیا گیا ہدف انگلینڈ کی ٹیم نے باآسانی دو وکٹوں کے نقصان پر 15ویں اوور میں ہی حاصل کرلیا۔ 

جیسن رائے نے 61 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ ڈیوڈ ملان 28 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے۔ 

بنگلادیشن کی جانب سے شرف الاسلام اور نسم احمد نے ایک ایک وکٹ لی۔ 

بہترین بلے بازی پر انگلینڈ کے جیسن رائے کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

واضح رہے کہ اس جیت کے 2 پوائنٹس کے ساتھ ہی انگلینڈ کے ٹیبل پر 4 پوائنٹس ہوگئے، جس کے ساتھ وہ پہلی پوزیشن پر آگئی۔

مزید پڑھیے  ساف ویمن فٹبال چیمپئن شپ کیلئے میدان تیار، پاکستان بھارت ٹاکرا کل ہوگا
Back to top button