بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

سب کو چور کہا خود تحفے کی گھڑیاں بیچ دیں،مولانا فضل الرحمان

اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ تم نے سب کو چور کہا لیکن خود تحفے کی گھڑیاں بیچ دیں۔

فیصل آباد کے تاریخی دھوبی گھاٹ میں جلسے سے خطاب میں مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم عمران خان کا نام لیے بغیر تنقید کی اور کہا کہ اب پی ڈی ایم نے تمہارا احتساب کرنا ہے، ہم نے ڈکٹیٹروں اور ان کے چیلوں کو چیلنج کیا ہے، عوام کا گناہ کیا ہے کہ تم نے آج عوام پر ظلم کے پہاڑ توڑدیے؟

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت آپ کے وجود پر حملہ کررہا ہے، تم نے کشمیر کا سودا کیا کیسے خود کو عوام کا نمائندہ سمجھتے ہو؟ تم کب تک ایسی سیاست کرو گے فلاں چور ہے، ایک نعرے کی بنیاد پر تم سیاست کررہے ہو، تم نے سب کو چور کہا لیکن اپنے دامن پر نظر ڈالو، تم نے تو تحفے کی گھڑیاں بیچ دیں، کسی نے کہا ایک کروڑ کی گھڑی ہے تو کہا ایک کروڑ کی بیچ دو۔

فضل الرحمان کا کہنا تھاکہ ایک کروڑ نوکریوں کی بات کی تھی جو حماقت سے کم نہیں، یہ ایک کروڑ نوکریاں کیا دیں گے، 30 لاکھ ملازمین کو فارغ کیا۔

سربراہ اتحاد کا کہنا تھاکہ ریاستوں کی بقا کا دارومدار آج معیشت پر ہے، ایک بار پھر دنیا میں معیشت کی جنگ شروع ہوچکی ہے، آج کا حکمران یہ ایجنڈا لے کر آیا ہے کہ مغرب کی بالادستی قائم رہے۔

ان کا کہنا تھاکہ پارلیمنٹ عوام کی نمائندہ ہے، آج غیر مستحکم بنادیا گیا، جب لوگ خودکشی پر مجبور ہوجائیں گے تو پارلیمنٹ کی حیثیت کیا رہ رجائے گی؟

فضل الرحمان کا کہنا تھاکہ عوام کو منظم ہوکر میدان میں نکلنا ہے اور پی ڈی ایم ان حکمرانوں کا خاتمہ کرکے دم لے گی، پنجاب بڑا صوبہ ہے، یہ اٹھے گا تو تمام ملک کا حوصلہ بڑھے گا، 31 اکتوبر کو ڈیرہ غازی خان میں پی ڈی ایم کا قافلہ پہنچے گا۔

Back to top button