بسم اللہ الرحمن الرحیم

صحت

اسلام آباد میں ڈینگی بخار کے کیسز کی تعداد 932 تک پہنچ گئی

اسلام آباد میں رواں سیزن میں ڈینگی کے سب سے زیادہ کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔رپورٹ کے مطابق ڈپٹی کمشنر آفس میں ڈینگی وبا کے خلاف کئے جانے والے اقدامات کے حوالے سے ایک اجلاس منعقد ہوا۔

مختلف ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے نمائندوں نے اجلاس میں شرکت کی اور انہیں ہدایت کی گئی کہ وہ روزانہ فوگنگ/فومیگیشن، جھاڑو اور دیگر انسداد ڈینگی پھیلانے کی سرگرمیوں کو یقینی بنا کر وبا کے خلاف سخت اقدامات کریں۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر (ڈی ایچ او) ڈاکٹر زعیم ضیا نے بتایا کہ اسلام آباد میں بخار کے 117 کیسز رپورٹ ہوئے جو 2021 میں سب سے زیادہ کیسز تھے۔اس سے قبل 6 اکتوبر کو 96 اور 30 ستمبر کو 94 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔

ڈی ایچ او نے بتایا کہ کل 117 کیسز میں سے 80 دیہی علاقوں سے اور 37 شہری علاقوں جبکہ پولی کلینک میں 2، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال راولپنڈی میں ایک، کیپیٹل ہسپتال اور نجی ہسپتالوں میں 48 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

ڈاکٹر زعیم ضیا نے بتایا کہ ترلائی سے 33، علی پور سے 16، کورال سے 14، ترنول سے 9، کرپا اور سوہان سے 3-3 اور روات سے 2 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دارالحکومت میں ڈینگی بخار کے کیسز کی تعداد 932 تک پہنچ گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دیہی علاقوں سے 625 اور شہری علاقوں سے 307 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ . ڈاکٹر زعیم ضیا نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دارالحکومت میں 287 گھروں کے اندرونی جبکہ 317 فوگنگ کی سرگرمیاں کی گئیں تاکہ ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے۔

انہوں نے بتایا کہ ٹیموں نے جی سیون، بھارہ کہو، راوت اور ماڈل ٹاؤن اور کورال یونین کونسلز میں لاروا کے ساتھ 47 کنٹینر مثبت پائے۔

انہوں نے بتایا کہ بھارہ کہو، روات اور ماڈل ٹاؤن یونین کونسلوں میں 13 گھروں میں پانی جمع تھا۔

Back to top button