بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

محرم الحرام کے لیے فول پروف سیکیورٹی کا انتظام کر رہے ہیں،شیخ رشید

مقبوضہ کشمیر میں کسی دہشت گرد کا داخلہ ممکن نہیں، دہشت گرد بھیجنے کے حوالے سے بھارتی وزیرِ داخلہ کا بیان غیر ذمے دارانہ ہے۔

وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ پاکستان کو سرحدوں سے کوئی نقصان نہیں پہنچ سکتا، دشمن ملک کو اندر سے نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، اسرائیل، را اور این ڈی ایس کا ایجنڈا پاکستان کو اندر سے کمزور کرنے کا ہے۔

نادرا ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیرِ داخلہ کے بیان کی تردید کرتا ہوں، انہوں نے غیر ذمے دارانہ بیان دیا۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کسی دہشت گرد کا داخلہ ممکن نہیں، دہشت گرد بھیجنے کے حوالے سے بھارتی وزیرِ داخلہ کا بیان غیر ذمے دارانہ ہے۔

شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ہماری بارڈر سے کوئی پار نہیں جا سکتا نہ ہی کوئی ہمیں سرحدوں پر نقصان پہنچا سکتا ہے، اگر بھارتی وزیرِ داخلہ کے پاس کوئی ثبوت ہے تو پیش کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری تمام ہمدردیاں مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ ہیں، پاکستان کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں کوئی دراندازی نہیں ہو رہی۔

وزیرِ داخلہ نے کہا کہ جعلی شناختی کارڈ بنانے میں ملوث تمام افراد کو نادرا کے محکمے سے نکالیں گے، جو لوگ نور مقدم کیس میں ملوث ہیں ان کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ محرم الحرام کے لیے فول پروف سیکیورٹی کا انتظام کر رہے ہیں، کسی کے عقیدے کو چھیڑیں گے نہیں اور اپنا عقیدہ چھوڑیں گے نہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ درخواست ہے کہ محرم میں این سی او سی کی ایس او پیز کو فالو کریں، آج سے 10 محرم تک سابق فاٹا میں انٹر نیٹ بند رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ پاکستان کی تمام سرحدیں بند ہیں، ہمارا افغانستان کی سیاست سے کوئی تعلق نہیں، ہم امن کے داعی ہیں، افغانستان جانے، افغانوں کا مسئلہ جانے۔

افغان سفیر کی بیٹی کے معاملے کے حوالے سے شیخ رشید نے کہا کہ افغان سفیر بیٹی سے متعلق مقدمے میں بالکل بھی تعاون نہیں کر رہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ہم نے تحقیقات کے لیے افغان سفیر کی بیٹی کو آئن لائن لانے کا کہا ہے، افغان سفیر کی بیٹی جرمنی چلی گئی ہیں، تحقیقات کے لیے ان کا وہاں کا فون نمبر مانگا ہے۔

وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد کا یہ بھی کہنا ہے کہ باہر کا میڈیا افغانستان کا ملبہ پاکستان پر ڈال رہا ہے سب شکست کھائیں گے، افغان وفد کو تمام انویسٹی گیشن فراہم کر دی ہے۔

Back to top button