
پاکستان اور یمن کا تجارتی مواقع کے فروغ پر اتفاق
پاکستان اور یمن نے اس اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ بہتر لاجسٹکس اور دوطرفہ تعاون کے مؤثر میکانزم کی بحالی دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے امکانات کھولنے میں معاون ثابت ہوگی۔
یہ اتفاقِ رائے اسلام آباد میں وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال اور پاکستان میں یمن کے سفیر محمد مطہر الاشابی کے درمیان ملاقات میں ہوا۔
ملاقات کے دوران یمنی سفیر نے پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے موجودہ دوطرفہ معاہدوں کی بحالی اور مؤثر طریقے سے عمل درآمد کے لیے ادارہ جاتی تعاون مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال نے یمن کے ساتھ اقتصادی تعلقات مزید مستحکم بنانے کے لیے پاکستان کے مضبوط عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے تیزی سے ترقی کرتے کاروباری اور ایس ایم ای سیکٹرز کو یمن، صومالیہ، ایتھوپیا اور عُمان جیسے قریبی خطوں کی منڈیوں تک بہتر رسائی سے نمایاں فائدہ پہنچ سکتا ہے۔















