بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس، تین بڑے طبی منصوبوں کے افتتاح کی منظوری

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صحت کے شعبے کے متعدد بڑے منصوبوں اور نئی اصلاحات کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا، نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ اور جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ کو ہیلتھ کیئر سروسز اور جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔

اجلاس کے دوران نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا کا افتتاح 15 جولائی کو کرنے کی منظوری دی گئی، جبکہ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ کے مختلف پیکجز 31 جولائی تک مکمل ہونے کے بعد اسی روز ہسپتال کے افتتاح کا عندیہ دیا گیا۔ جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور کا افتتاح 15 اگست کو کیا جائے گا جبکہ ادارے میں بھرتیوں کا عمل 10 جولائی تک مکمل کر لیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اجلاس میں ڈائیسپورا ڈاکٹر لوکم پروگرام (DDLP) کی بھی منظوری دی، جس کے تحت بیرون ملک مقیم پاکستانی اور غیر ملکی ماہر ڈاکٹرز کو پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں مختصر مدت کے لیے خدمات انجام دینے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ پروگرام کے لیے پنجاب کے 12 ہسپتالوں کا انتخاب کیا گیا ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ پروگرام کے تحت آنے والے سپیشلسٹ ڈاکٹرز جدید سرجریوں سمیت مختلف شعبوں میں خدمات سرانجام دیں گے اور مقامی طبی عملے کی تربیت بھی کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے ان ڈاکٹرز اور نرسز کے لیے پرکشش پیکج دینے کی ہدایت کرتے ہوئے نرسنگ سیکٹر کے لیے بھی اسی طرز کا پروگرام شروع کرنے کا حکم دیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب میں بہترین انسانی وسائل کو لانا ان کا مشن ہے، جبکہ ہسپتالوں میں معیاری نرسنگ کیئر اور مؤثر انتظامی قیادت صحت کے نظام میں نمایاں بہتری لا سکتی ہے۔

اشتہار

یہ بھی پڑھیے

Back to top button